گیمبیا سے تعلق رکھنے والاداعش کا وفادار تارکن وطن اٹلی میں گرفتار

غیر ملکی کو اطالوی شہر نیپلز میں گرفتار کیا گیا،عمر 21سال ہے ،پولیس اہلکاروں کی گفتگو

جمعہ 27 اپریل 2018 12:59

روم(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 اپریل2018ء) اطالوی پولیس نے کہاہے کہ داعش کے جہادیوں کے ایما پر اٹلی میں دہشت گردانہ حملے کرنے کا اعلان کرنے اور افریقہ سے تعلق رکھنے والا سیاسی پناہ کا متلاشی ایک تارک وطن گرفتار کر لیا گیا ہے۔میڈیاروپرٹس کے مطابق ایک بیان میں پولیس نے کہاکہ حراست میں لیے جانے والے سیاسی پناہ کے اس درخواست گزار کا تعلق گیمبیا سے ہے اور اس کی عمر 21 برس ہے۔

اس غیر ملکی کو اطالوی شہر نیپلز میں گرفتار کیا گیا۔بتایا گیا ہے کہ الاجی تورے نامی اس ملزم نے آن لائن پیغامات کی ایپلیکیشن ٹیلی گرام پر ایک ویڈیو پوسٹ کی تھی، جس میں اس نے دہشت گرد تنظیم داعش کے سربراہ ابوبکر البغدادی کی بیعت کرنے کا اعلان کیا تھا۔پولیس اہلکاروں نے بتایا کہ گرفتاری کے وقت تورے کا موقف تھا کہ اس نے یہ ویڈیو مذاق کے طور پر پوسٹ کی تھی۔

(جاری ہے)

پولیس کے مطابق دوران تفتیش ملزم نے یہ بھی کہا کہ اس کے گیمبیا ہی سے تعلق رکھنے والے ساتھیوں نے اسے کہا تھا کہ وہ کسی پرہجوم مقام پر عام لوگوں پر گاڑی چڑھا دے۔اطالوی میڈیا رپورٹوں کے مطابق تورے نے پولیس کو بتایا کہ اسے ایسا کوئی حملہ کرنے پر انعام کے طور پر رقم دینے کا وعدہ بھی کیا گیا تھا، تاہم اس ملزم نے اصرار کیا کہ اس کی ایسا کوئی حملہ کرنے کی نیت نہیں تھی اور نہ ہی اس نے ایسا کوئی منصوبہ بنایا تھا۔