سینئر اداکار توقیر ناصر الحمراء آرٹس کونسل کے بورڈ آف گورنرز کے چیئرمین تعینات ،ملک بھر سے مبارکباد کے پیغامات

جمعہ 27 اپریل 2018 13:09

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 اپریل2018ء) سینئر اداکار توقیر ناصر کو الحمراء آرٹس کونسل کے بورڈ آف گورنرز کا چیئرمین بننے پر ملک بھر سے مبارکباد کے پیغامات ۔تفصیلات ک مطابق اداکار توقیر ناصر کو الحمراء میں نئے بورڈ آف گورنرز کا چیئرمین تعینات کر دیا گیا ہے ۔ ان کی تقرری پر شوبز سمیت دیگر شعبوں سے وابستہ شخصیات نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ توقیر ناصر کے چیئرمین بننے پر الحمراء میں بہترین تبدیلیاں نظر آئیں گی کیونکہ وہ اس سے قبل بھی اہم عہدوں پر کام کر چکے ہیں ۔

(جاری ہے)

مبارکباد دینے والے اداکاروں قوی خان ،مسعود اختر ،زارا اکبر ،نجم زیدی ، ذوالقرنین حیدر ،احسن خان ،مائرہ خان ، عاصمہ بٹ ،ثمینہ احمد سمیت دیگر نے توقع ظاہر کی کہ توقیر ناصر کے چیئرمین بننے سے الحمراء میں مزید بہتری آئے گی۔اس حوالے سے توقیر ناصر نے کہا کہ میں اپنے سینئر ساتھیوں کی مشاورت سے کام لوںگا اور الحمراء کی فلاح کے لئے جو بھی ممکن ہو سکا وہ کروں گا ۔مجھے بخوبی احساس ہے کہ الحمراء آرٹ اور ثقافت کا گڑھ ہے اور پورے پاکستان میں الحمراء آرٹس کونسل میں ہونے والی تقریبات کو قدر کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے ۔ابھی میں نے ذمے داریاں سنبھالی ہیں اور جلد اس حوالے سے ٹھوس لائحہ عمل سب کے سامنے آجائے گا۔

متعلقہ عنوان :