مقدونیا اور ایران کے چیمبرز کے دوطرفہ تجارت میں اضافے کے لیے تعاون کی یادداشت پر دستخط

جمعہ 27 اپریل 2018 13:40

مقدونیا اور ایران کے چیمبرز کے دوطرفہ تجارت میں اضافے کے لیے تعاون ..
سکوپی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 اپریل2018ء) مقدونیا اور ایران کے کامرس اینڈ انڈسٹری کے چیمبرز نے دوطرفہ تجارت میں اضافے کے لیے تعاون کی یادداشت پر دستخط کردیئے۔عالمی ذرائع ابلاغ کے مطابق تعاون کی یادداشت پر دستخطوں کی تقریب مقدونیا کے شہر سکوپی میں ہوئی جس پر مقدونیا کے اکنامک چیمبر کے صدر برانکو ازیسکی اور ایران چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری،مائنز اینڈ ایگریکلچر کے چیئرمین غلام حسین شفیع نے دستخط کئے۔

اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے غلام حسین شفیع نے دونوں ملکوں کے دوران روایتی تجارتی شراکت داری پر روشنی ڈالی۔انھوں نے کہا کہ دونوں ملکوں کو تجارتی بنیادوں پر ویزوں کے اجراء کے لیے اقدامات کرنے ہوں گے اور توقع ظاہر کی کہ مقدونیا ایران کی عالمی تجارتی تنظیم تک رسائی میں معاونت کر سکتا ہے۔

(جاری ہے)

انھوں نے دونوں ملکوں کی نجی کمپنیوں کے درمیان تعاون کی تجویز پیش کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح وہ مشترکہ برانڈ کی مصنوعات تیار کرسکتی ہیں۔

برانکو ازیسکی نے تقریب سے خطاب کے دوران کہا کہ مقدونیا کے لیے موقع ہے کہ وہ ایران کے ساتھ مختلف شعبوں میں تعاون کے فروغ کے لیے اقدامات کرسکتا ہے۔یاد رہے کہ 2017 ء کے دوران مقدونیا نے ایران سے 4.76 ملین ڈالر کی مصنوعات درآمد کیں جبکہ برآمدات کی مالیت 4 لاکھ 1 ہزار ڈالر رہی۔