(ن) لیگ کی خدمات مثالی ، نام نہاد تبدیلی کے نام پر دھرنوں اور جھوٹ سے قوم کا وقت برباد کیا گیا‘پرویز ملک

زرداری اور نیازی عوامی خدمت کے جذبے سے یکسر عاری ہیں، دونوں نے عوام کیلئے کچھ نہیں کیا‘ خواجہ عمران نذیر

جمعہ 27 اپریل 2018 14:25

(ن) لیگ کی خدمات مثالی ، نام نہاد تبدیلی کے نام پر دھرنوں اور جھوٹ سے ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 اپریل2018ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) لاہور کے صدر و وفاقی وزیر تجارت محمد پرویز ملک اور صوبائی وزیر خواجہ عمران نذیر نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کی خدمات مثالی ہیں، صوبے کے تمام شہروں، قصبوں اور دیہات میں یکساں ترقی کا ویژن مسلم لیگ(ن) کا اعزاز ہے، نام نہاد تبدیلی کے نام پر دھرنے دے کر اور جھوٹ بول کر قوم کا وقت برباد کیا گیا ہے۔

تبدیلی کے علمبرداروں نے خیبرپی کے کا حلیہ بگاڑ کررکھ دیا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ روز لاہور میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ ارکا ن چوہدری شہباز، غزالی سلیم بٹ، میاں مرغوب،رمضان صدیق بھٹی،سید توصیف شاہ،سینیٹرڈاکٹر اسد اشرف ،عامر خان،چوہدری عبدالمجید چن نمبردار،چوہدری جاوید اقبال سمیت دیگر بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

زرداری اور نیازی عوامی خدمت کے جذبے سے یکسر عاری ہیں۔ دونوں نے عوام کے لئے کچھ نہیں کیا، موجودہ حکومت نے ترقیاتی منصوبوں میں شفافیت، اعلیٰ معیار اور رفتار کے نئے باب رقم کئے ہیں، سابق حکمرانوںنے اپنے دور حکومت میں بجلی کے منصوبے تو نہ لگائے لیکن پاکستان کی دولت کو ضرور لوٹا،نیازی جھوٹوں کے آئی جی ہیں ، خیبر پی کے میں ایک کلو واٹ بجلی بھی پیدا نہیں کی۔

انہوں نے مزید کہا کہ عوام اپنے مسائل کا حل اور خوشحالی چاہتے ہیں اور ترقی و خوشحالی کی راہ میں رخنہ ڈالنے والوں کا محاسبہ انتخابات 2018ء میں کریں گے۔ مسلم لیگ (ن) کی حکومت ملک و قوم کی ترقی اور خوشحالی کا سفر کامیابی سے طے کرے گی،پاکستان کی ترقی وخوشحالی پہلے بھی مقدم تھی، اب بھی ہے اور رہے گی، ہمارے مخالفین بعض سیاسی عناصر نے ہمیشہ ملک میں افراتفری پھیلانے کی کوششیں کی ہیں اور اب بھی ایسے مذموم عزائم میں مصروف ہیں۔