وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی زیرصدارت کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس

جمعہ 27 اپریل 2018 14:56

وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی زیرصدارت کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 اپریل2018ء) وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی زیرصدارت کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) کا اجلاس جمعہ کو وزیراعظم آفس میں ہوا۔ ای سی سی نے ملک میں سرمایہ کاری بڑھانے کیلئے تیل صاف کرنے والے جدید کارخانوں کی تنصیب اور موجودہ ریفائنریوں کی کم از کم پیداواری گنجائش ایک لاکھ بیرل یومیہ بڑھانے کیلئے تاریخی رعایتی پیکیج کی منظوری دی۔

یہ فیصلہ پارکو کوسٹل ریفائنری پراجیکٹ کیلئے بھی قابل عمل ہوگا۔ رعایتی پیکیج میں ہر قسم کی ڈیوٹی، ٹیکسوں، سرچارجز، درآمدی اشیاء پر لیوی سے استثنٰی اور 20 سال کیلئے انکم ٹیکس کی چھوٹ کی رعایت شامل ہے۔ پیکیج کے تحت ریفائنری کی مرمت، آپریشن، تعمیر، سامان کی خریداری، انجینئرنگ اور غیرملکی کنٹریکٹرز اور سب کنٹریکٹرز سے متعلقہ درآمدات اور ود ہولڈنگ ٹیکس اور ہر قسم کی ڈیوٹی، ٹیکسوں، سرچارج اور لیویز سے استثنٰی بھی شامل ہے۔

(جاری ہے)

اس کے علاوہ مقامی طور پر تیار ہونے والے تعمیراتی سامان اور ریفائنری کے قیام کی خدمات بھی سیلز ٹیکس اور ایکسائز ڈیوٹی سے مستثنٰی ہوں گی۔ نئے منصوبوں کو جیٹیز، سب سی/پائپ لائنوں وغیرہ کے منصوبوں میں بھی سہولت فراہم کی جائے گی۔ ریفائرنری منصوبہ ایکسپورٹ پراسیسنگ زون میں لگانے کی صورت میں ای پی زیڈ اے رولز 1981ء کے تحت برآمدات کی ویلیو پر قابل اطلاق ڈویلپمنٹ سرچارج بھی معاف تصور ہوگا۔ اس فیصلہ سے ملک کے کسی بھی علاقہ میں نئی جدید ترین ریفائریز کے قیام میں سہولت حاصل ہوگی اور ملک کے مختلف علاقوں میں کم قیمت پر پٹرولیم مصنوعات کی فراہمی کو یقینی بنانے اور پٹرولیم مصنوعات کا درآمدی بل کم کرنے میں مدد ملے گی۔