Live Updates

پی ٹی آئی کے زیر اہتمام لبرٹی چوک میں فیملی گالا کا انعقاد،

شہریوں کی کثیر تعداد میں شرکت فوڈ سٹالز لگائے گئے، خواتین اور بچوںنے چہروں پر فیس پینٹنگ کرائی ،شرکاء میں تحائف بھی تقسیم کئے گئے عوام مینار پاکستان جلسے میں بھرپور شرکت کیلئے پرجوش اور بیتاب ہیں،جلد عوامی حکومت قائم ہو گی‘ مسرت چیمہ ،سیمی بخاری و دیگر

جمعہ 27 اپریل 2018 15:18

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 اپریل2018ء) پاکستان تحریک انصاف کے زیر اہتمام مینار پاکستان جلسے کے سلسلہ میں لبرٹی چوک میں فیملی گالا کا انعقاد کیا گیا جس میں شہریوں کی بڑی تعداد نے اپنی فیملیوں کے ہمراہ شرکت کی ،فیملی گالا میں کھانے پینے کی اشیاء کے سٹالز ،بچوں کی تفریح کیلئے انتظامات اور شرکاء میں تحائف بھی تقسیم کئے گئے۔

تفصیلات کے مطابق لبرٹی چوک میں منعقدہ فیملی گالا میں پی ٹی آئی سے وابستہ رہنمائوں اور کارکنوں کی بڑی تعداد اپنی فیملیوں کے ہمراہ شریک ہوئی ۔ اس موقع پر پارٹی نغمے پیش کئے گئے ۔خواتین اور بچوں نے اپنے چہروں میں پارٹی پرچم پینٹ کرائے اورخوب ہلہ گلہ کیا ۔ تحریک انصاف کی خواتین رہنمائوں مسرت جمشید چیمہ ، ڈاکٹر سیمی بخاری، روبینہ شاہین، فرحت فاروق، عاشیمہ شجاع،ارم بخاری اور دیگر نے شرکاء میں پارٹی بیجزِ،سٹیکرز، پارٹی پرچم کے رنگوں والے مفلر اور دیگر تحائف تقسیم کئے ۔

(جاری ہے)

ویمن ونگ ایگزیکٹو کونسل کی ممبر مسرت جمشید چیمہ ،ڈاکٹر سیمی بخاری اور دیگر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ فیملی گالا میں شہریوں کی بھرپور شرکت سے ثابت ہو گیا ہے کہ مینار پاکستان جلسے میںعوام کا ٹھاٹھیں مارتا ہوا سمندر ہوگا، کارکنوں کے ساتھ ساتھ عوام بھی جلسے میں بھرپور شرکت کیلئے پر جوش اور بیتاب ہیں ۔ انہوںنے کہا کہ سیاسی مخالفین 29اپریل کے جلسے سے خوفزدہ ہیں جس کے باعث منفی ہتھکنڈے بھی استعمال کئے جارہے ہیں ۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات