حکومت نے خصوصی افراد کی تعلیم تربیت کیلئے تحصیل سطح پر ادارے قائم کر رکھے ہیں، آصف اقبال ملک

جمعہ 27 اپریل 2018 15:51

سرگودھا۔27 اپریل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 اپریل2018ء) ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل آصف اقبال ملک نے کہا ہے کہ حکومت نے خصوصی افراد کی تعلیم تربیت کیلئے تحصیل کی سطح پر ادارے قائم کر رکھے ہیں ۔معذور افراد کے لواحقین اپنے بچوں کو ان اداروں میں داخل کروائیں حکومت انہیں ٹرانسپورٹ ،مفت یونیفارم ،خوراک ،کتب ودیگر میٹریل فراہم کر رہی ہے۔

ان اداروں میں سماعت و بصارت سے محروم ،گونگے بہرے،جسمانی طور پر معذور اور سلولرنرایجوکیشنل انسٹی ٹیوشن شامل ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے خصوصی افراد کے مسائل کے حل کیلئے منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس کے دیگر شرکاء میں ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر ناصر محمود چیمہ ،ایڈیشنل ایم ایس خواجہ فرحت ،ڈسٹرکٹ آفیسر ہیلتھ ڈاکٹر محمد اسلم ،ڈسٹرکٹ آفیسر لیبر محمد شاہد ،اسسٹنٹ ڈائریکٹر ایجوکیشن نواز سیال ،ڈسٹرکٹ آفیسر سپیشل ایجوکیشن،پولیس ،گونگے بہرے و نابینا افراد کی تنظیموں کے نمائندے شامل تھے۔

(جاری ہے)

ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نے سیکریٹری آر ٹی اے کو ہدایت کی کہ وہ معذور افراد کو ٹرانسپورٹ کے رعائتی کارڈ جاری کریں اور ٹرانسپورٹروں سے ان کارڈز پر عمل درآمد کو یقینی بنائیں۔ انہوںنے محکمہ صحت کو ہدایت کی وہ سماعت سے محروم افراد کیلئے بائیو میڑی سسٹم مقامی سطح پر انتظام کریںتاکہ ان افراد کو لاہور یا دیگر بڑے شہروں کی مسافت سے بچایا جا سکے ۔ انہوںنے میڈیا سے توقع کی کہ وہ خصوصی افراد کی سرکاری اداروں تک رسائی میں اپنا کردار ادا کریں گے۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نے خصوصی افراد کی تنظیموں کو یقین دہانی کرائی کہ ان کے مسائل ترجیح بنیادوں پر حل کئے جائیں گے۔