واسا کی صفائی کیلئے آگاہی مہم ، شہریوں کو معلومات کی فراہمی کیلئے کیمپ

جمعہ اپریل 15:54

ایبٹ آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 27 اپریل2018ء) واسا نے صفائی کیلئے آگاہی مہم کا آغاز کر دیا۔ شہریوں کو معلومات کی فراہمی کیلئے شہر کے مرکزی چوک میں کیمپ لگا دیا گیا۔ آگاہی مہم کے پہلے دن ہی کیمپ میں معززین کی آمد شروع ہے، سی ای او واسا انجینئر نور قاسم خان، تحصیل ناظم محمد اسحق ذکریا اور دیگر واسا افسران نے کیمپ کا افتتاح کیا۔

شہریوں نے واسا کی انتظامیہ کو خراج تحسین پیش کیا۔ تفصیلات کے مطابق واٹر اینڈ سینی ٹیشن سروسز کمپنی ایبٹ آباد نے صفائی کے متعلق شہریوں میں شعور و آگاہی سمیت باقاعدہ صفائی کیلئے ’’گھر صاف تو گلی گندی کیوں‘‘ کے نعرہ کے ساتھ صفائی مہم کا آغاز کر دیا۔ پہلے مرحلہ میں شہر کے عین وسط ایم سی بی چوک میں شہریوں کو معلومات بہم پہنچانے کیلئے کیمپ لگا دیا ۔

(جاری ہے)

آگاہی کیمپ میں پہلے دن تاجر، وکلاء، صحافی، تحصیل ممبران اور بلدیاتی نمائندوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ واسا کے سی ای او نور قاسم خان، تحصیل ناظم ایبٹ آباد محمد اسحاق ذکریا، عامر ذکی، مقرب اقبال، جاوید عباسی، الله نظر، وسیم عباس، حسین احمد، شاہ ہارون اور عدیل خان نے شہریوں میں صفائی کے حوالہ سے پمفلٹ تقسیم کئے۔ مختلف یونین کونسلوں سے تعلق رکھنے والے شہریوں نے واسا سٹاف کو اپنے مسائل سے آگاہ کیا۔

سی ای او واسا نے آگاہی کیمپ کی کامیاب انعقاد پر آرگنائزرز کو مبارکباد پیش کی۔ مہم کے اگلے مرحلہ میں نواں شہر، ملکپورہ، اور کیہال میں آگاہی کیمپ کا انعقاد کیا جائے گا۔ سنیٹری انسپکٹر ز کے زیر نگرانی سینی ٹیشن سٹاف نے بازار میں شہریوں میں پمفلٹ تقسیم کئے۔ اس پر شہریوں نے واسا کی کاوشوں کو سراہا اور اس مہم کو مثبت قدم قرار دیا۔

متعلقہ عنوان :