ٹوبیکو کنٹرول سیل کے زیر اہتمام نواں شہر میں آگاہی پروگرام،

اساتذہ اور طلباء کو سگریٹ نوشی نقصانات سے آگاہ کیا گیا

جمعہ 27 اپریل 2018 15:59

ایبٹ آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 اپریل2018ء) ٹوبیکو کنٹرول سیل ایبٹ آباد کے زیر اہتمام گورنمنٹ بوائز سکول نواں شہر میں آگاہی پروگرام منعقد ہوا۔ اساتذہ اور طلباء کو سگریٹ نوشی کے نقصانات سے آگاہ کیا گیا۔ گورنمنٹ بوائز سکول نواں شہر میں تمباکو نوشی کے نقصانات سے متعلق آگاہی پروگرام کے ریسورس پرسن ڈسٹرکٹ کوآرڈینیٹر اسد خان جدون تھے۔

پروگرام سے ہیڈ ماسٹر قاضی فخر عالم خان اور مدنی اعجاز نے بھی خطاب کیا۔ ریوسورس پرسن اسد خان نے تمباکو نوشی سے انسانی زندگی کو لاحق خطرات اور نقصانات کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ تعلیمی اداروں کے گردو نواح میں 50 گز کی حدود کے اندر اور کسی بھی جگہ اٹھارہ سال سے کم عمر بچوں پر سگریٹ اور تمباکو کی فروخت قانوناً ممنوع ہے جس کا باقاعدہ قانون موجود ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ ہیڈ ماسٹر صاحبان اپنے ادارے کے اندر اور باہر خلاف ورزیوں کی شکایت ضلعی انتظامیہ کے پاس درج کروا سکتے ہیں۔ اسد خان نے بتایا کہ تحقیقات کے مطابق پاکستان میں ہر روز 6 سے 12 سال عمر کے 1200 بچے سگریٹ نوشی کا آغاز کرتے ہیں جبکہ 274 پاکستانی اس علت کے باعث موت کے منہ میں چلے جاتے ہیں اور 5000 سے زائد مریض ہسپتالوں کا رخ کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سگریٹ نوشی کینسر سمیت متعدد امراض کا سبب ہے۔ علاوہ ازیں سگریٹ نوش حضرات کے گرد موجود افراد بھی سیکنڈ ہینڈ اور تھرڈ ہینڈ سطح پر متاثر ہوکر انہی امراض کا شکار بن جاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سگریٹ نوشی سے بچاؤ چنداں مشکل نہیں اور معاشرہ اگر اس بات پر توجہ دے تو صحت اور قیمتی سرمایہ دونوں کی حفاظت ممکن ہو سکتی ہے۔ اسد خان نے بتایا کہ تمباکو کنٹرول سیل اقوام متحدہ کی ہدایات کی روشنی میں قائم ایسا ادارہ ہے جس نے اپنے قیام سے اب تک متعدد قابل قدر اقدامات کے ذریعے عوام کو تمباکو نقصانات سے بچانے اوران مصنوعات کو عوام سے دور کرنے میں نمایاں کامیابیاں حاصل کی ہیں اور وہ وقت دور نہیں جب عوام اس لعنت سے نجات حاصل کر لیں گے۔

پروگرام میں شامل اساتذہ اور طلباء نے آگاہی پروگرام میں بہت دلچسپی لی اور تمباکو نوشی کے انسداد میں اپنے تعاون کا یقین دلایا۔

متعلقہ عنوان :