ْتحصیل کونسل حویلیاں کے اجلاس میں شہر کی خوبصورت و صفائی سمیت متعدد نئے اقدامات کی منظوری

جمعہ اپریل 15:59

حویلیاں۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 27 اپریل2018ء) تحصیل کونسل حویلیاں کا اجلاس کنوینر نائب ناظم عامر شہزاد کی صدارت منعقد ہوا۔ اجلاس میں شہر کی خوبصورت صفائی سمیت متعدد نئے اقدامات کی منظوری دی گئی۔ اجلاس میں تحصیل ناظم سردار ارسل پرویز، اپوزیشن لیڈر افتخار خان جدون سمیت تحریک انصاف و مسلم لیگ (ن) سے تعلق رکھنے والے کونسل ممبران نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔

اجلاس میں ٹی ایم او حویلیاں نے بھی جملہ سٹاف کے ہمراہ شرکت کی۔ اجلاس میں حویلیاںکی خوبصورتی، صفائی و ستھرائی کیلئے نئی مشینری خریدنے کی بھی منظوری دی گئی اور شہر سے عارضی تجاوزات کے خاتمہ کیلئے ٹی او آر کی زیر نگرانی ٹیم بنائی گئی اور غیر قانونی اڈہ جات کے خاتمہ کیلئے تحصیل کونسل نے مشترکہ طور پر ڈپٹی کمشنر اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر سے ملاقات کرنے کا فیصلہ کیا۔

(جاری ہے)

اپوزیشن لیڈر افتخار خان نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شہر سے ریڑھیوں اور تجاوزات کا خاتمہ کیا جائے اور حویلیاں شہر سے غیر قانونی اڈوں کے خاتمہ کے ساتھ پولیس ٹریفک کنٹرول کرنے میں اپنا کردار ادا کرے۔ تحصیل ناظم سردار ارسل پرویز نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ریڑھی بانوں کے مخبروں کے خلاف بھی کارروائی کی جائے گی جو آپریشن سے قبل ہی ریڑھی، تھڑہ فروشوں اور تجاوزات قائم کرنے والوں کا اطلاع کر دیتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انتظامیہ سے مل کر حویلیاں شہر کو صاف ستھرا اور پرامن بنائیں گے۔