ٹیوٹا 6ماہ میں ڈی اے ای کے 30نصاب انٹر نیشنل معیار پر اپ ڈیٹ کریگا ‘عرفان قیصر شیخ

جمعہ اپریل 16:03

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 27 اپریل2018ء) چیئر مین ٹیوٹا عرفان قیصر شیخ نے کہا ہے کہ ڈی اے ای پروگرام کو جدید دنیا کے ہم آہنگ لانے کیلئے نصاب کو اپ ڈیٹ کرنا ضروری ہے ، چین ،ملائیشیا، یو اے ای ،،ترکی ،جاپان اور دوسرے ممالک میں ٹی وی ای ٹی سیکٹر کے جدید رحجانات سے فائدہ اٹھایا جائے ۔وہ اکیڈمک ڈیپارٹمنٹ کی سالانہ کار کردگی جانچنے کے حوالے سے ٹیوٹا سیکٹر یٹ میں اجلاس کی صدارت کر رہے تھے ۔

عرفان قیصر شیخ نے کہا کہ الیکٹریکل، میٹلر جی ،پیٹرو کیمکل ،مکینکل، الیکٹرانکس ،سول سمیت دیگر 30کورسز کو ہنگامی بنیادوں پر اپ ڈیٹ کیا جائے گا ۔انہوں نے کہا کہ ٹیوٹا نے جے آئی سی اے کے ساتھ مل کر بھی انڈسٹریز کا سروے کیا تا کہ انڈسٹری کی ضروریات کو مد نظر رکھتے ہوئے نصاب میں تبدیلیاں کی جائیں ۔

(جاری ہے)

چیئر مین ٹیوٹا نے کہا کہ ڈی اے ای کی تعلیم کے معیار کو مزید بہتر کیا جائے گا تا کہ سی پیک سے پیدا ہونے والے ملازمتوں میں ہمارے طلبہ اچھے روزگار حاصل کر سکیں ۔

ان کا کہنا تھا کہ ٹیوٹا 400 سے زائد اداروں میں دو لاکھ سے زائد طلبا کو فنی تعلیم دینے کا اعزاز بھی رکھتا ہے جو جنوبی ایشیا میں کسی بھی ادارے میں سب سے زیادہ ہے۔ انہوں نے بتایا ٹیوٹا صرف طلبا کی تعداد میں اضافہ نہیں چاہتا بلکہ زیادہ سے زیادہ طلبا کو میعاری فنی تعلیم بھی ٹیوٹا کا مشن ہے۔ اسی مقصد کے لیے ٹیوٹا نے ہمیشہ سے کوالٹی کو بھی اتنی ہی اہمیت دی ہے جتنی طلبا کی تعداد بڑھانے کودی۔