لاہور ہائیکورٹ ، آن لائن ٹیکسی کمپنی کی جانب سے صارفین کا ڈیٹا چرانے کیخلاف درخواست پر فریقین سے جواب طلب

جمعہ 27 اپریل 2018 16:13

لاہور ہائیکورٹ ، آن لائن ٹیکسی کمپنی کی جانب سے صارفین کا ڈیٹا چرانے ..
لاہور۔27 اپریل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 اپریل2018ء) لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس عابد عزیز شیخ نے آن لائن ٹیکسی کمپنی کی جانب سے صارفین کا ڈیٹا چرانے کیخلاف درخواست پروفاقی حکومت، پی ٹی اے اور دیگر فریقین سے جواب طلب کرلیا۔ جمعہ کودوران سماعت درخواست گزار نے عدالت کو آگاہ کیا کہ آن لائن ٹیکسی کمپنی غیر قانونی طور پر صارفین کے موبائل، کریڈٹ کارڈز اور ای میل کا ڈیٹا چوری کر رہی ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ صارفین کا ڈیٹا چوری ہونے سے صارفین کو عدم تحفظ کا سامنا ہے، ملکی قانون کے تحت کسی بھی صارف کی اجازت کے بغیر اس کا ڈیٹا استعمال نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے کہا کہ کریڈٹ کارڈز کے ذریعے آن لائن ٹیکسی کمپنی کو ادائیگی کرنے والے صارفین کو مالی نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے جبکہ کمپنی کے ایک کروڑ چالیس لاکھ صارفین عدم تحفظ کاشکار ہو چکے ہیں، جس پرعدالت نے وفاقی حکومت، پی ٹی اے اور دیگر فریقین سے جواب طلب کر لیا۔