پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ کے چیئرمین کی تعیناتی کالعدم قرار دینے کیلئے درخواست پر حکومت پنجاب سے جواب طلب

جمعہ 27 اپریل 2018 16:13

پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ کے چیئرمین کی تعیناتی کالعدم قرار دینے کیلئے ..
لاہور۔27 اپریل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 اپریل2018ء) لاہور ہائیکورٹ نے پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ (پی اینڈ ڈی بی)کے چیئرمین کی غیر قانونی تعیناتی کالعدم قرار دینے کے لئے درخواست پر حکومت پنجاب سے جواب طلب کر لیا،لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس ساجد محمود سیٹھی نے جمعہ کو کیس کی سماعت کی۔ دوران سماعت درخواست گزار حسین حیدر کے وکیل بیرسٹر سید محمد جاوید اقبال جعفری نے موقف اختیار کیاکہ قانون کے تحت پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ کو ختم کر کے محکمہ پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ تشکیل دیا گیا۔

انہوں نے کہاکہ محکمہ پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ کے اربوں روپے کے بجٹ کونام نہادبورڈ کے ذریعے پراجیکٹس میں لگانے اور غیر قانونی بھرتیاں کرنے کے لئے استعمال کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ قانون کے برعکس پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ تشکیل دیتے ہوئے چیئرمین جہانزیب خان کی تعیناتی غیرقانونی طور پر کی گئی۔

(جاری ہے)

انہوں نے استدعا کی کہ چیئرمین پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ جہانزیب خان کی تعیناتی کالعدم قرار دی جائے، درخواست میںمزید استدعا کی گئی کہ چیئرمین پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ جہانزیب خان کی جانب سے کئے جانے والے غیر قانونی اقدامات کو کالعدم قرار دیا جائے۔

دوران سماعت سرکاری وکیل نے جواب داخل کرانے کی مہلت طلب کی ،جس پر عدالت نے کیس کی مزید سماعت ملتوی کرتے ہوئے حکومت پنجاب سے جواب طلب کرلیا۔