مقبوضہ کشمیر ،نوجوانوں کی شہادت پر ترال اور شوپیاں میں ہڑتال

جمعہ 27 اپریل 2018 16:36

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 اپریل2018ء) مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں چا ر کشمیری نوجوانوں کی شہادت پر ضلع پلوامہ کے علاقے ترال میںجمعہ کو مسلسل چوتھے روز بھی مکمل ہڑتال کی گئی۔ کشمیر میڈیاسرو س کے مطابق ترال قصبے میں تمام دکانیں اور کاروباری مراکز بند رہے جبکہ سڑکوں پر ٹریفک معطل تھی۔

(جاری ہے)

بھارتی فوجیوں نے عابد احمد ، اشفاق احمد ، عمر خالد اور یاسر احمد کو منگل کے روز ترال کے علاقے گٹینگو لام میں تلاشی اور محاصرے کی ایک پر تشددکارروائی کے دوران شہید کیاتھا۔

دریں اثنا قابض فورسز کے ہاتھوں ایک طالب علم ثاقب شبیر کی شہادت پر جمعہ کو ضلع شوپیاں میں بھی مکمل ہڑتال کی گئی۔ ضلع شوپیاں کے علاقے بون پورہ کا رہائشی ثاقب شبیر جمعرات کے روز ضلع اسلام آباد کے علاقے لزبل میں قابض فورسز کی فائرنگ سے شدید زخمی ہونے کے بعد ہسپتال میں دم توڑ بیٹھا تھا۔