پنجاب صرف لاہور کی چند سڑکوں ۔پوش علاقوں کا نام نہیں ،جنوبی پنجاب میں آج بھی انسان اور جانور ایک تالاب سے پانی پیتے ہیں ‘پیپلز پارٹی

شہباز شریف قابل رحم حال کو پہنچ چکے ،پنجابی کہاوت ’’عقل نئی تے موجاں ای موجاں ‘‘ کی جیتی جاگتی تصویر ہیں‘ترجمان مولا بخش چانڈیو

جمعہ 27 اپریل 2018 16:47

پنجاب صرف لاہور کی چند سڑکوں ۔پوش علاقوں کا نام نہیں ،جنوبی پنجاب میں ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 اپریل2018ء) پاکستان پیپلز پارٹی نے کہا ہے کہ پنجاب صرف لاہور کی چند سڑکوں اور پوش علاقوں کا نام نہیں ،جنوبی پنجاب میں آج بھی انسان اور جانور ایک تالاب سے پانی پیتے ہیں ،شہباز شریف قابل رحم حال کو پہنچ چکے ہیں اور پنجابی کہاوت ’’عقل نئی تے موجاں ای موجاں ‘‘ کی جیتی جاگتی تصویر ہیں۔ترجمان سینیٹر مولا بخش چانڈیو نے وزیر اعلیٰ شہباز شریف کے بیان پر اپنے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ شہباز شریف جھوٹ بول بول کر خود ہی اسے سچ سمجھنے لگ جاتے ہیں ،پنجاب میں ہسپتالوں اور سکولوں کے بجٹ سے میٹرو اور اورنج لائن بنائی گئیں ،پنجاب میں مریض ہسپتالوں میں ایڑیاں رگڑ رگڑ کر مر رہے ہیں ،جنوبی پنجاب میں آج بھی انسان اور جانور ایک تالاب سے پانی پیتے ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پنجاب صرف لاہور کی چند سڑکوں اور پوش علاقون کا نام نہیں ،لاہور کے جیل روڈ پر دل کے ہسپتال میں مریضوں کیلئے نہ بستر ہیں نہ دوائی ۔مولا بخش چانڈیو نے کہا کہ سندھ میں ضلع سطح تک دل کے جدید ہسپتال بنائے گئے ہیں ،سندھ واحد صوبہ ہے جہاں دل کینسر کا علاج مفت میں ہوتا ہے ،سندھ میں اب دل کی پیوندکاری کا آغاز بھی کیا جا رہے ،شہباز شریف نے اب جاکر گردوں کا ہسپتال بنایا سندھ میں دو دہائیوں سے چل رہا ہے ،بڑا بھائی اپنے جس طرز عمل کو غلطی قرار دے رہیں شہباز شریف اسی پر چل رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ گلا پھاڑ کر پیٹ پھاڑنے کی بھڑکوں پر معافی مانگنے والا پھر مولا جٹ بنا ہوا ہے ،شہباز شریف جو آج کہہ رہے ہیں یقین ہے کل اس پر بھی معافی مانگیں گے ۔