ڈاکٹر طاہرالقادری کی منظوری سے پاکستان عوامی لائرز موومنٹ کی کنویننگ باڈی کی تشکیل

جمعہ 27 اپریل 2018 16:47

ڈاکٹر طاہرالقادری کی منظوری سے پاکستان عوامی لائرز موومنٹ کی کنویننگ ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 اپریل2018ء) پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی منظوری سے پاکستان عوامی لائرز موومنٹ کے عہدیداروں پر مشتمل ایک کنویننگ باڈی تشکیل دی گئی ہے جو 60 یوم کے اندر ضلعی سطح پر تنظیم نو کے فرائض انجام دے گی، کنویننگ باڈی کا کنوینئر سپریم کورٹ کے سینئر وکیل لہراسب خان گوندل اور سینئر نائب کنوینئر امتیاز چودھری ایڈووکیٹ کو مقرر کیا گیاہے، ایم ایچ شاہین ایڈووکیٹ اور آصف سلہریا ایڈووکیٹ کو ڈپٹی اور اسسٹنٹ کنوینئر مقرر کیا گیا ہے۔

اس ضمن میں پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نوازگنڈاپور نے نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے، عوامی لائرز موومنٹ کی تنظیم سازی کے حوالے سے ذمہ داریاں تفویض کیے جانے پر مرکزی صدر قاضی زاہد حسین، بشارت جسپال، فیاض وڑائچ، بریگیڈیئر(ر) محمد مشتاق اور مرکزی سیکرٹری اطلاعات نوراللہ صدیقی نے مبارکباد دی ہے ۔

(جاری ہے)

رہنمائوں نے کہا کہ کسی بھی جماعت میں وکلاء کی حیثیت تھنک ٹینک کی ہوتی ہے، پاکستان فی الوقت جس ادارہ جاتی ڈسپلن کے بحران کا شکار ہے ان مسائل سے وکلاء ہی باہر نکال سکتے ہیں۔

مرکزی صدر قاضی زاہد حسین نے کہا کہ امید ہے یہ کنویننگ باڈی پاکستان بھر میں اضلاع کی سطح پر تنظیم سازی کے عمل کو مکمل کرے گی اور وطن عزیز میں آئین و قانون کی بالادستی اور مظلوموں کو انصاف دلوانے کیلئے عوامی لائرز موومنٹ کے فورم کو فعال اور موثر بنائے گی۔