Live Updates

آزاد کشمیر میں تبدیلی کی ہوا چل پڑی ہے،بیرسٹر سلطان محمود چوہدری

پی ٹی آئی کے کارکن حکومت بنانے اور چلانے کی تیاریاں شروع کر دیں، آزاد کشمیر کے مودیوں کا بھی پیچھا کرونگا،کوٹلی میں ،خطاب

جمعہ 27 اپریل 2018 17:25

کوٹلی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 اپریل2018ء) آزاد کشمیر کے سابق وزیر اعظم و پی ٹی آئی کشمیر کے صدر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا ہے کہ اب آزاد کشمیر میں تبدیلی کی ہوا چل پڑی ہے اور لوگ پی ٹی آئی کے پلیٹ فارم پر جمع ہو کر عمران خان کے ویژن پر عملدرآمد کے لئے کوشان ہیں۔ میں نے اپنے بیرون ممالک کے دورے میں ڈیڑھ کروڑ کشمیر ی عوام کے نمائندے کی حیثیت سے عالمی سطح پر انکی ترجمانی کی اور اسی طرح اب آزاد کشمیر میں بھی کرپٹ عناصر کے خلاف علم بغاوت بلند کر دیا ہے۔

اب آزاد کشمیر میں بھی تبدیلی آنے والی ہے اگرچہ مجھے تو کوئی جلدی نہیں ہے تاہم مجھے لگتا ہے کہ ن لیگ اور فاروق حیدر کو خوجانے کی زیادہ جلدی ہے۔ لہذا اب پی ٹی آئی کے کارکن حکومت بنانے اور چلانے کی تیاریاں شروع کر دیں۔

(جاری ہے)

میں نے اعلان کیا تھا کہ مودی دنیا میں جہاں بھی جائے گا میں اسکا پیچھا کرونگا میں نے لندن میں مودی کے خلاف مظاہرہ کیا۔

اب میں آزاد کشمیر کے مودیوں کا بھی پیچھا کرونگا۔ان خیالات کا اظہار انھوں نے یہاں کوٹلی میں رحمن برج پر اپنے استقبال کے لئے آئے ہوئے ہزاروں کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری جب رحمن برج پہنچے تو انکا فقیدالمثال استقبال کیا گیا ۔ انہیں پھولوں کے ہار پہنائے گئے ، ان پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں اور نوجوانوں نے ڈھول کی تھاپ پر رقص کیا اور انکے حق میں زبردست نعرے بازی کی گئی۔

بعد ازاں انہیں سینکڑوں گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کے جلوس میں کوٹلی لے جایا گیا۔بیرسٹرسلطان محمود چوہدری نے کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ آزاد کشمیر سے کرپشن، تعصب سے پاک نظام کے لئے جدوجہد کی جائے۔عام آدمی تک بنیادی تعلیم، صحت اور دیگر سہالیات گھر گھر پہنچائی جائیں۔ انھوں نے کہا کہ اب جبکہ عمران خان پاکستان کے وزیر اعظم بننے والے ہیں تو ہم آزاد کشمیر کو بھی ایک ماڈل اسٹیٹ بنائیں گے۔

بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا کہ اب ہم سب کو متحد ہو کر کام کرنے کی ضرورت ہے اور ہمیں پی ٹی آئی اور عمران خان کے ہاتھ مضبوط کرنے کی ضرورت ہے۔میں اب میدان عمل میں نکل پڑا ہوں اور 29 اپریل کو پی ٹی آئی کے لاہور میں ہونے والا جلسے سے تبدیلی کی ایک نئی ہوا چلے گی اور تبدیلی کا رخ اب پی ٹی آئی کی جانب ہو گا۔پی ٹی آئی کے اقتدار کا سورج طلوع ہونے کو ہے۔

اس موقع پر ملک نثار ، کے پی ملک،،چوہدری عاصم ایڈووکیٹ، کی قیادت میں ایک بڑا جلوس پھگواڑی سے رحمن برج پہنچا۔ جبکہ اس موقع پر سابق مشیر و پی ٹی آئی کشمیر کے سیکریٹری فنانس چوہدری اخلاق، سابق ممبر کشمیر کونسل چوہدری محبوب، پی ٹی آئی کشمیر کے مرکزی ترجمان خواجہ عطاء محی الدین قادری، مظہر کاظمی ایڈووکیٹ، اکرم چٹھہ، قیوم صابری ایڈووکیٹ، ساجد چوہدری ایڈووکیٹ، چوہدری جاوید شاہد، چوہدری حنیف ایڈووکیٹ، ملک عادل مبشر،سردار زرزاق خان، ڈاکٹر عنصر ابدالی، ملک نعیم، عابد چوہدری اور دیگر بھی انکے ہمراہ تھے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات