ووٹ کا اندراج کرانے کے لئے 30 اپریل تک توسیع، ڈسپلے سینٹر اور ضلعی الیکشن آفس میں عملہ ہفتہ وار تعطیل کے دوران ڈیوٹی سرانجام دے گا، ترجمان الیکشن کمیشن

جمعہ 27 اپریل 2018 17:29

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 اپریل2018ء) صوبائی الیکشن کمشنر سندھ محمد یوسف خان خٹک نے کہا ہے کہ انتخابی فہرستوں میں اندراج، اخراج و درستگی کیلئے عوامی مطالبے پر ہونے والی 30 اپریل 2018ء تک توسیع کے باعث کراچی سمیت سندھ بھر کے ڈسپلے سینٹر اور دفتر ضلعی الیکشن کمشنر میں موجود عملہ ہفتہ وار عام تعطیل کے دوران ڈیوٹی سرانجام دے گا۔

(جاری ہے)

ترجمان الیکشن کمیشن کے مطابق عوام مایوسی سے بچتے ہوئے قریبی ڈسپلے سینٹر یا دفتر ضلعی الیکشن کمشنر سے لازمی رجوع کرکے یقینی ووٹ کا اندراج کرواکر ایک ذمے دار پاکستانی بنیں اور شناختی کارڈ نمبر 8300 پر ایس ایم ایس کرکے ووٹ کی معلومات حاصل کریں۔ انہوں نے کہا کہ ووٹ اندراج کے فارم اور قائم ڈسپلے سینٹرز کی تفصیلات ویب سائٹ (www.ecp.gov.pk) پر بھی دستیاب ہیں۔ فارم جمع کراتے وقت لازمی اصل شناختی کارڈ ہمراہ لائیں اور فارم کے ساتھ شناختی کارڈ کی کاپی منسلک کریں۔ صوبائی الیکشن کمشنر سندھ محمد یوسف خان خٹک نے مزید کہا کہ عوام عام تعطیل کا فائدہ اُٹھاتے ہوئے ضرور ووٹر لسٹوں میں ووٹ اندراج کروائیں تاکہ آپ کا ووٹ آپ کی آواز بن سکے۔