ماضی میں برتن دھونے والے پاکستان نژاد امریکی ارب پتی شاہد خان ویمبلے اسٹیڈیم خریدیں گے

جمعہ 27 اپریل 2018 17:37

ماضی میں برتن دھونے والے پاکستان نژاد امریکی ارب پتی شاہد خان ویمبلے ..
لندن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 27 اپریل2018ء) پاکستانی نژاد امریکی ارب پتی شاہد خان نی800ملین ڈالرز میں لندن کے تاریخ اسٹیڈیم ویمبلے کو خریدنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔غیر ملکی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق شاہد خان نے ویمبلے کے لیے انگلش فٹبال ایسوسی ایشن کو ایک ارب چالیس کروڑ ڈالر کی آفر کی ہے۔ شاہد خان عالمی شہرت یافتہ نیشنل فٹبال لیگ کے مالک ہیں۔

ان کا کہنا ہے کہ ویمبلے اسٹیڈیم خریدنے کے بعد وہ لندن میں بھی نیشنل فٹبال لیگ کے میچز کرانے کا ارادہ رکھتے ہیں۔پاکستان سے امریکا جاکر سوا ڈالر فی گھنٹہ کے حساب سے ڈش واشنگ کا کام کرنے والے شاہد خان اپنی انتھک محنت کی وجہ سے اب دنیا کے 217 ویں امیر شخص ہیں، ان کی اپنی 170 ملین ڈالر کی پرتعیش کشتی موجود ہے، وہ ایک امریکی نیشنل فٹبال لیگ ٹیم اور انگلینڈ کی فلہم ٹیم کے بھی مالک ہیں۔

(جاری ہے)

ویمبلی سٹیڈیم کے بارے میں شاہد خان نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ویمبلی نجی ملکیت میں چلا جائے گا اور فٹبال ایسوسی ایشن اپنے مرکزی مشن یعنی کھلاڑیوں کی تربیت و ترقی پر توجہ دے سکے گی۔ انھوں نے کہا کہ میرا خیال ہے کہ آپ میں سے اگر اکثریت نہیں تو کم از کم بہت بڑی تعداد میں تو انگلینڈ کی قومی ٹیم کے مداح ہوں گے، تو اسی لیے مجھے امید ہے کہ آپ اس خواب کے حقیقت بننے کی صورت میں اس کا خیر مقدم کریں گے۔

فوربز میگزین کے مطابق 16 برس کی عمر میں جب وہ پاکستان سے امریکہ آئے تھے تو ان کی جیب میں 500 ڈالر تھے۔ شاہد خان لاہور میں پیدا ہوئے اور گارڈیئن کے مطابق وہ 1968 میں انجینیئرنگ کی تعلیم حاصل کرن کے لیے امریکہ گئے تھے۔ پاکستان کے شہر لاہور میں پیدا ہونے والے شاہد خان نے الینوئے میں انجنیئرنگ کی تعلیم حاصل کرنے کے بعد گاڑیوں کے پرزے بنانے والی ایک کمپنی میں ملازمت اختیار کی۔ کچھ عرصے بعد انہوں نیاسی فرم کو خرید لیا۔یاد رہے کہ دنیا کے امیر ترین افراد کی فہرست میں بھی پاکستانی نژاد امریکی تاجر شاہد خان کا نام شامل ہے، فوربز کے مطابق ان کے پاس تقریبا 8 کھرب پاکستانی روپے کی دولت ہے۔