چکوال مسلم لیگ لیگ ن کا مضبوط قلعہ ہے،رکن پنجاب اسمبلی سردار ذوالفقار علی خان

جمعہ اپریل 17:38

چکوال ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 27 اپریل2018ء) مسلم لیگ ن کے راہنما رکن پنجاب اسمبلی سردار ذوالفقار علی خان دلہہ نے کہا ہے کہ ن لیگ کے قائد میاں محمد نواز شریف نے واضح طور پر ہدایت جاری کر دی ہے کہ تمام پارلیمنٹرین اپنے اپنے حلقوں میں ووٹ کو عزت دو کی تحریک کا آغاز کر دیں۔ضلع چکوال پہلے ہی مسلم لیگ ن کا مضبوط قلعہ ہے۔اور 2018کے آنے والے عام انتخابات میں میاں محمد نواز شریف جس پر ہاتھ رکھیں گے بھاری اکثریت سے کامیاب ہوگا۔

وہ میاں محمد نواز شریف سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔انہوں نے کہا کہ تمام تر دبائو کے باوجود مسلم لیگ ن کو دیوار کے ساتھ لگانا خام خیالی تو ہو سکتی ہے۔مگر حقیقت سے اسکا کوئی تعلق نہیں۔کیونکہ میاں محمد نواز شریف کا عوام کے دلوں پر راج ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ضلع چکوال میں مسلم لیگ ن چٹان کی طرح مضبوط ہے۔ہم انشاء اللہ گلی کوچوں میں اپنے قائد میاں محمد نواز شریف کا پیغام پہنچائیں گے۔

ایک اور سوال کے جواب میں سردار ذوالفقار علی خان دلہہ نے بتایا کہ قائد نے ہمیں واضع حکم دیاہے کہ الیکشن کی تیاری کریں۔اور چکوال میں 10مئی کو میاں نواز شریف کا منعقد ہونے والا جلسہ 2018کے عام انتخابات کے لیے سنگ میل ثابت ہو گا۔۔ن لیگ کے مخالفین دیکھیں گے۔کہ عوام میاں نواز شریف سے کس انداز میں محبت کرتے ہیں۔انہوں نے مزید بتایا کہ چکوال کی نئی حلقہ بندیاں غیر فطری اور متنازعہ ہے۔مگر ہم میاں نواز شریف کے حکم پر پوری قوت کے ساتھ الیکشن لڑیں گے۔اور یہ ثابت کریںگے کہ ن لیگ کے سوا کوئی بھی دوسری سیاسی جماعت یہاں سے کامیاب نہیں ہو سکتی۔