آئین اور قانون کی بالادستی کے بغیر ملک و قوم ترقی نہیں کر سکتے ‘ذکر اللہ مجاہد

حکمران جماعت اپنی کرپشن اور نااہلی چھپانے کیلئے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے خلاف پروپیگنڈا کرر ہی ہے

جمعہ 27 اپریل 2018 17:50

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 اپریل2018ء) امیر جماعت اسلامی وصدر متحدہ مجلس عمل لاہور ذکر اللہ مجاہدنے کہا ہے کہ آئین اور قانون کی بالادستی کے بغیر ملک و قوم ترقی نہیں کر سکتے۔ ملک میں آئین اور قانون کے حوالے سے حکمران جماعت کے ذمہ داران جس ناشائستہ زبان کا استعمال کرے رہے ہیں یہ کسی بھی صورت میں ملک و قوم کے حق میں نہیں ہے آنے والے وقت میں یہ کسی بڑے انتشار کا سبب بن سکتی ہے ۔

ان خیالات کا اظہار گذشتہ روز انہوں نے دفتر جماعت اسلامی لاہور میں آنے والے مختلف مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے افراد سے گفتگو کے دوران کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکمران جماعت اپنی کرپشن اور نااہلی چھپانے اور عوام کو دھوکہ دینے کیلئے آئے روز ملک کے سب سے بڑے قانون نافذ کرنے والے ادارے سپریم کورٹ آف پاکستان کے سربراہان کے بارے میں جو زبان استعمال کر رہیں ہیں وہ قابل مذمت اور ناقابل برداشت بھی ہے ۔

(جاری ہے)

ملکی آئین و قانون میں ملک کے کسی بڑے قانون نافذ کرنے والے اداروں یا سربراہان کے خلاف توہین کرنے والوں کیلئے قوانین اور سزائیں موجود ہیںلہٰذ ا اس طرح کے پروپیگنڈا سے اجتناب کیا جائے ۔عوام اب اچھے اور برے کو واضح طور پر پہچان چکی ہے۔ انہوںنے کہا کہ نا اہل افراد کا دور ختم ہو چکا ہے اب ملک کا مقدر اسلامی پاکستان اور خوشحال پاکستان ہے اوراس میں ایم ایم اے میں شامل تمام دینی جماعتیں اپنا بھر پور کردار ادا کریں گی۔