ہنگو اقلیتی محلہ پریم نگر میں ضلعی انتظامیہ کی کھلی کچہری، اقلیتی عوام نے مسائل کے انبار لگا دئیے

جمعہ 27 اپریل 2018 18:54

ہنگو۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 اپریل2018ء) ہنگو کے علاقہ پریم نگر میں چیف سیکرٹری خیبر پختونخواہ کی خصوصی ہدایت پر اقلیتی کے مسائل سے آگاہ رہنے کے لئے ضلعی انتظامیہ ہنگو کی جانب سے کھلی کچہری کا انعقاد کیا گیا۔ جس میں ڈپٹی کمشنر شاہ فہد، ڈی پی او ہنگو آصف گوہر ،اے سی یوسف کریم،پی پی پی صوبائی صدر پیر نصیب چند،جے یو آئی ڈسٹرکٹ ممبر فرید چند ،پنڈت ہری دھیال سندھو، ایکسین سی اینڈ ڈبلیو، تحصیلدار ہنگو، و دیگر سرکاری محکموں کے افسران سمیت ہنگو اور ٹل بھر سے اقلیتی برادری نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔

اس موقع پر اقلیتی برادری کے رہنمائو ں پی پی پی صوبائی صدر اقلیتی ونگ پیر نصیب چند،جے یو آئی ڈسٹرکٹ ممبر فرید چند ، ہری دھیال سندھوو دیگر مشران نے ٹل قبرستان کی وٹل چرچ کی تعمیر،پریم نگر کے لئے راستے،گیس کی فراہمی،بجلی کے اوور بلنگ،کمیونٹی ہال کی تعمیر،ایجو کیشن میں اقلیتی فی میل اساتزہ کی سات ماہ سے عدم تنخواہوں کی ادائیگی سمیت کئی مسائل ضلعی انتظامیہ کے سامنے رکھے۔

(جاری ہے)

کھلی کچہری سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر ھنگو شاہ فہد خان نے کہا کہ اقلیتیں ہماری آن بان ہیں جن کے ساتھ انسانیت کا رشتہ ہے جو ہر تفریق سے بے نیاز ہے۔ انہوں نے کہا کہ بحثیت ڈپٹی کمشنر میرا اور میری مشنری کا فرض ہے کہ آپ کے مسائل حل کیے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ پریم نگر کے راستے کے لیے ایف سی حکام سے کو ارڈینیشن کر کے اس مسلے کو حل کرایا جائے گا،ایکسین واپڈا کی اوربلنگ کا مسئلہ بھی حل ہو جائے گا جبکہ پریم نگر کو گیس فراہمی کے لیے متعلقہ حکام سے با ت کی جائے گی۔

پریم نگر میں کمیونٹی ہال وقت کی ضرورت ہے جس کے لیے زمین حاصل کرنے کے لیے متعلقہ اداروں سے رابطہ کیا جائے گا۔ڈپٹی کمشنر شاہ فہد خان نے واضح کیا کہ اقلیتوں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے لیے ہر فورم پر جدوجہد کریں گے۔کھلی کچہری سے ڈی پی او آصف گوہر نے بھی خطاب کیا اور انہیں چرچ اور دیگر عبادت گاہوں کی سیکورٹی کے حوالے سے مکمل تعاون کے عزم کو دہرایا۔ اس موقع پر پاکستان پیپلز پارٹی مینارٹیز کے صوبائی صدر نصیب چند،ضلع کونسل کے ممبر فرید سنگھ اور پنڈت ہری دیال سندھو و دیگرنے ضلعی انتظامیہ کو کھلی کچہری کے انعقاد اور اقلیتوں کے ساتھ خصوصی مہر و وفا پر ان کو خراج تحسین پیش کیا۔