مسئلہ کشمیر تقسیم ہند کا نامکمل ایجنڈا ہے،برطانوی پارلیمینٹ کے ارکان مسئلہ کشمیر پر توجہ دیں ،ْراجہ فاروق حیدر

برطانیہ کی جمہوری پسند قوتوں اور انسانی حقوق کی تنظیموں کو مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں پر اپنا فعال کردار ادا کرنا چاہیے ،ْوزیر اعظم آزاد کشمیر

جمعہ 27 اپریل 2018 19:12

لندن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 اپریل2018ء) آزادجموں وکشمیر کے وزیراعظم راجہ فاروق حیدر خان نے کہا ہے کہ برطانیہ کی جمہوری پسند قوتوں اور انسانی حقوق کی تنظیموں کو مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں پر اپنا فعال کردار ادا کرنا چاہیے۔برطانوی پارلیمینٹ کے ارکان مسئلہ کشمیر پر توجہ دیں کیونکہ یہ تقسیم ہند کا نامکمل ایجنڈا ہے۔

بھارتی فوج مقبوضہ کشمیر میں نوجوانوں کا قتل عام کر رہی ہے جس کا مقصد مقبوضہ کشمیر میں آبادی کے تناسب کو کم کرنا ہے۔وزیراعظم نے ان خیالات کا اظہار برطانوی ہاوس آف کامنز میں جموں و کشمیر سیلف ڈیٹرمینیشن موومنٹ انٹرنیشنل کے چیئرمین راجہ نجابت خان کی جانب سے منعقدہ مذاکرے سے خطاب کرتے ہوے کیا۔

(جاری ہے)

راجہ فاروق حیدر خان نے کہا کہ تقسیم ہند کے پارٹیشن پلان کے تحت کشمیر کو مسلم اکثریتی علاقہ ہونے کی وجہ سے پاکستان کے ساتھ شامل ہونا تھا۔

انہوں نے کہا کہ کشمیر کے سیاسی زعماء نے بھی قراردار الحاق پاکستان منظور کر کے اس بات کا تعین کر دیا تھا مگر بھارت نے فوجی طاقت کے بل بوتے پر عوام کی خوااہشات کو روندتے ہوے کشمیر پر قبضہ کر لیا اور وہ اب اس قبضے کو طول دینے کے لئے بدترین دہشت گردی کر رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ پارٹیشن پلان کا مرکزی حصہ دار ہونے کی وجہ سے برطانیہ کی یہ ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ اب ڈیڑھ کروڑ لوگوں کے اس اہم مسئلے کو حل کرنے کے لئے اپنا اہم کردار ادا کرے۔

انہوں نے ہاوس آف کامنز کے ارکان سے کہا کہ کہ وہ پارلیمینٹ میں اس پر بحث کرائیں کیونکہ کشمیر کا مسئلہ حل کئے بغیر جنوبی ایشیاء میں قیام۔امن ایک خواب ہی رہے گا۔انہوں نے کہا کہ بھارت کی 8 لاکھ فوج ایک چھوٹے سے علاقے میں ہے اگر تناسب نکالا جائے تو یہ کسی بھی علاقے میں فوج کی سب سے زیادہ تعداد ہے۔انہوں نے کہا کہ کشمیری اپنے حق خودارادیت کیلیے جدوجہد کر رہے ہیں اور انہیں یہ حق اقوام متحدہ نے دیا ہے۔

راجہ فاروق حیدر خان نے اس موقع پر کنٹرول لائن پر بھارتی فوج کی بلااشتعال فائرنگ کا ذکر کرتے ہوے کہا کہ بھارتی فوج لگاتار اور اندھا دھند فائرنگ کے دوران سکولوں اور ہسپتالوں کو نشانہ بناتی ہے۔انہوں نے کہا کہ حال ہی میں بھارتی فوج نے طالبات کو سکول لے کر جانے والی ایک وین کو نشانہ بنایا۔انہوں نے کہا کہ کشمیریوں نے اپنا مستقبل پاکستان کے ساتھ وابستہ کرنے کا تہیہ کر رکھا ہے اور اس مقصد کو حاصل کرنے کے لئے وہ بڑی سے بڑی قربانی دینے سے بھی دریغ نہیں کریں گے۔

اس موقع پر راجہ نجابت حسین نے وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا اور تحریک آزادی کے لئے ان کی خدمات اور کاوشوں کو سراہا۔اس موقع پر وزیراعظم نے ہاوس آف کامنز میں کشمیر گروپ کے چیئرمین ،وائس چیئرمین اور دیگر شیڈو منسٹرز کو شیلڈ زبھی دیں۔