Live Updates

کارکن پارٹی پیغام گھرگھرپہنچائیں،محمودخان

جمعہ 27 اپریل 2018 19:21

پشاور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 اپریل2018ء) خیبر پختونخوا کے وزیر آبپاشی و کھیل اور پاکستان تحریک انصاف ملاکنڈ ریجن کے صدر محمود خان نے نوجوانوں سے کہا ہے کہ وہ پارٹی کا پیغام گھر گھر پہنچانے سمیت آئندہ عام انتخابات میں پی ٹی آئی کے امیدواروں کو کامیاب کرنے کے لئے اپنا کردار ادا کریں ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مٹہ سوات میں پی ٹی آئی کی یوتھ کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیاجبکہ کنونشن سے تحصیل مٹہ کے ناظم عبد اللہ خان ، نائب ناظم محمد حکیم خان اور پی ٹی آئی کے رہنما ملک اختر علی خان نے بھی خطاب کیا ۔

(جاری ہے)

محمود خان نے کہا کہ صوبے کے ہر علاقے میں ترقیاتی منصوبوں پر کام جاری ہے اور صوبے میں کرپشن فری اسلامی فلاحی معاشرے کی داغ بیل پڑ چکی ہے اور غریب آدمی کا کام بغیر کسی سفارش اور رشوت کے ہو رہا ہے ، یہی ہماری لائی ہوئی تبدیلی ہے جس کے ثمرات سے غریب اور مستحق افراد مستفیدہو رہے ہیں ۔محمود خان نے کہا کہ صوبائی حکومت نے سودی کاروبار ، جہیز پر پابندی ، مساجد کو سولرائزیشن ، ختم نبوت کو نصاب میں شامل کرنے اور سکولوں میں درسی کتب سے خلاف اسلام غلطیاں دور کرنے اور سکولوں میں ناظرہ قرآن بمعہ ترجمہ لازمی قرار دیا ہے اور صوبے کے مساجد کے ائمہ کے لئے وظائف کا اجراء بھی کر دیا ہے ۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات