کارکن پارٹی کی جڑوں کو مضبوط کرنے کیلئے عوام کے ساتھ روابط مضبوط کریں، سپیکر اسد قیصر

جمعہ اپریل 19:25

پشاور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 27 اپریل2018ء) سپیکر خیبرپختونخوااسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی عام عوام کو اپنے حقوق کیلئے کھڑا کرنے اور ان میں شعور پیدا کرنے کیلئے غیر متزلزل عزم پرقائم ہے ۔جس کے لئے لوگوں کو منظم کرنے کا عمل جاری رہے گا۔ انہوںنے پی ٹی آئی ورکروں پر ذور دیا کہ وہ پارٹی کی جڑوں کو مضبوط کرنے کیلئے عوام کے ساتھ روابط مضبوط کریں اور پارٹی کے پیغام کو گلی گلی کوچے کوچے عام کریں ۔

انہوںنے ان خیالات کا اظہارصوابی کے موضع ذروبی میںایک بڑے عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔تقریب سے وزیر اعلیٰ پرویز خٹک نے بھی خطاب کیااس موقع پر ضلع کونسل کے ممبر بابویوسف اسلام نے اپنے خاندان اور درجنوں ساتھیوں سمیت پی ٹی آئی میں شمولیت کا اعلان کیا ۔

(جاری ہے)

سپیکر نے کہا کہ سابقہ ادوار میں سبزوسرخ جھنڈوں اور شریعت کے نام پر ووٹ لینے والے عوام کو ورغلاکر بیوقوف بناتے رہے ۔

انہوںنے نہ تو صوابی کیلئے کوئی ترقیاتی کام کئے اور نہ ہی اسلامی قانون سازی کی ۔انہوںنے کہا کہ ا ب کرپشن ،جھوٹ اور منافقت کی سیاست کو ہمیشہ کیلئے دفن کرکے صوابی کو حقیقی معنوں میں ترقی سے ہمکنار کرنے والے عملی اور وعدے کے پکے لوگوں کا انتخاب کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے ۔سپیکر نے کہا کہ ایک جانب انہوںنے ضلع صوابی میں میگاترقیاتی منصوبوں کا اجراء کرکے علاقے کو ترقی دینے کے ساتھ ساتھ لوگوں کیلئے روزگار کے مواقع پیداکئے جبکہ دوسری جانب ان کے ہاتھوں صوبہ میں اسلامی قانون سازی کا عمل کا میابی سے مکمل ہوا جس میں معاشرے سے غیر اسلامی سودی کاروبار کے خاتمے کیلئے قانون پاس کرکے سود خوروں کیلئے سزائیں مقررکرنا،سکولوں میں ناظرہ قرآن اور باترجمہ قرآن پڑھانے کا نظام رائج کرنا ،عقیدہ ختم نبوت صوبہ بھر کے نصاب میں شامل کرنا ،حضرت عمرؓ کی شہادت کا دن منانے کیلئے عام تعطیل کااعلان کرنا ،صوبہ بھر کی مساجد کے بجلی نظام کو سولر سسٹم پر منتقل کرنا ،آئمہ کرام کیلئے وظائف مقررکرنا وغیر ہ شامل ہیں۔

سپیکر نے کہا کہ سی پیک کے تحت رشکئی کے مقام پر ایک اکنامک زون کا قیام عمل لایا جائے گا جس میں تقریباً20لاکھ بے روزگار وں کی کھپت ہوگی ۔اس منصوبے کے باعث بے روزگاری پر قابو پانے میں بڑی حدتک مددملے گی ۔