نوجوان باصلاحیت ہیں، مناسب مواقع ملنے چاہئیں، یوتھ پالیسی کا اعلان 7 مئی کو کیا جائے گا، صوبائی وزیر اطلاعات سید ناصر حسین شاہ

جمعہ 27 اپریل 2018 19:25

نوجوان باصلاحیت ہیں، مناسب مواقع ملنے چاہئیں، یوتھ پالیسی کا اعلان ..
کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 اپریل2018ء) صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ، محنت و اطلاعات سید ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ نوجوانوں کی صلاحیتوں کو کوئی نظر انداز نہیں کر سکتا کیونکہ ہمارے نوجوان بڑے باصلاحیت اور ہونہار ہیں، انہیں صرف مناسب مواقع ملنے چاہیئں، پارٹی چئیرمین بلاول بھٹو زرداری نے پہلی یوتھ پالیسی متعارف کرانے کا فیصلہ کیا ہے جس کا 7 مئی کو باضابطہ اعلان کیا جائے گا۔

جمعہ کو جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق یہ بات انہوں نے مقامی ہوٹل میں یوتھ پارلیمنٹ آف پاکستان کی جانب سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ سید ناصر حسین شاہ نے کہا کہ نوجوانوں کا معاشرے میں اہم کردار ہوتا ہے ہمیں ان کے لئے مثبت طریقے سے کام کرنے کی ضرورت ہے، حوصلہ افزائی کرنے کے لئے مواقع فراہم کرنا ہوں گے تاکہ ان کی صلاحیتیں مزید نکھریں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ قوانین پر عمل درآمد ہونا ضروری ہے لیکن اب بھی کافی قانون سازی کی گنجائش ہے ملک اور قوم مزید ترقی کر سکے، نوجوانوں کے لئے ٹھوس اقدامات کرکے ان کے لئے نئی راہیں، نئی منزلیں طے کرنی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے 180 فلاحی پلاٹوں پر ناجائز تعمیرات ختم کراکے پہلے 55 گرائونڈ اور پارک تعمیر کرانے کے لئے مخیر حضرات کو تعاون فراہم کیا ہے جس کے لئے وہ مبارکباد کے مستحق ہیں۔

سید ناصر حسین شاہ نے کارپوریٹ سوشل رسپانس بلیٹی کے حوالے سے کہا کہ ہمارے نوجوان بھی صحیح سمت اور راہ میں کام کرکے یہ ذمہ داری احسن طریقے سے انجام دے سکتے ہیں۔ تقریب سے ڈاکٹر فاروق ستار نے کارپوریٹ سوشل رسپونسبلیٹی کے حوالے سے کہا کہ پاکستان کو معاشی اور سماجی طور پر مضبوط بنانے کے لئے نئے قومی ایجنڈے پر کام کرنا ہو گا اور عوام کا اعتماد بحال کرنے کے لئے نوجوانوں کی شکل میں قیادت کو لانا ہو گا تاکہ پاکستان ایک خود مختار اور بااختیار ریاست بن سکے اور عوام کی اشتراکیت سے ایک نئی بنیاد رکھی جا سکے۔