پی ایس ڈی پی کے تحت گوادر میں صاف پانی ،واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ کیلئے ضروری سہولیات کی فراہمی کیلئے ایک ارب20کروڑ روپے کے فنڈزمختص

چین پاکستان اقتصادی راہداری منصوبے کیلئے سکیورٹی کیلئے دو ارب روپے کے فنڈز مختص کئے گئے ،ْ منصوبہ آئندہ مالی سال کے دوران مکمل کرلیا جائیگا

جمعہ 27 اپریل 2018 19:31

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 اپریل2018ء) وفاقی حکومت نے آئندہ مالی سال 2018-19ء کیلئے سرکاری شعبہ کے ترقیاتی پروگرام (پی ایس ڈی پی) کے تحت گوادر میں صاف پانی اورواٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ کیلئے ضروری سہولیات کی فراہمی کیلئے ایک ارب20کروڑ روپے کے فنڈزمختص کئے ہیں۔ جمعہ کو جاری کئے گئے پی ایس ڈی پی کے مطابق یہ منصوبہ سی پیک کے تحت مکمل کیا جائے گا جس پر لاگت کا مجموعی تخمینہ 11ارب39کروڑ60 لاکھ روپے لگایا گیا ہے جبکہ قبل ازیں منصوبہ کیلئے دو ارب61کروڑ 50 لاکھ روپے کے فنڈز جاری کئے جاچکے ہیں۔

(جاری ہے)

رپورٹ کے مطابق آئندہ مالی سال کے دوران منصوبہ کیلئے مختص کردہ بجٹ میں سے حکومت اپنے وسائل سے ایک ارب روپے فراہم کرے گی جبکہ 20کروڑ روپے کی غیرملکی امداد بھی منصوبہ میں شامل ہے۔آئندہ مالی سال 2018-19ء کیلئے سرکاری شعبہ کے ترقیاتی پروگرام (پی ایس ڈی پی) کے تحت چین پاکستان اقتصادی راہداری منصوبے کیلئے سکیورٹی کیلئے دو ارب روپے کے فنڈز مختص کئے گئے ہیں۔ پی ایس ی پی کے مطابق یہ منصوبہ آئندہ مالی سال کے دوران مکمل کرلیا جائے گا جس سے سی پیک کے روٹ پر سکیورٹی کی صورتحال کو بہتر بنایا جائے گا۔