صدر آزاد کشمیرسردار مسعود سے حلقہ نمبر 4پونچھ مسلم لیگ (ن) کے نمائندہ وفد کی ملاقات

وفد نے صدر سردار مسعود خان کی ان تمام عالمی سطح پر کی جانے والی کاوشوں پر خراج تحسین پیش کیا

جمعہ 27 اپریل 2018 19:47

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 27 اپریل2018ء) صدر آزاد جموں وکشمیرسردار مسعود خان سے ایوان صدر جموں وکشمیر ہائوس اسلام آباد میں حلقہ نمبر 4پونچھ مسلم لیگ ن کے نمائندہ وفد نے سابق سپیکر قانون ساز اسمبلی و سابق وزیر سردار سیاب خالد کی قیادت میں ملاقات کی اور ملاقات کے دوران وفد نے صدر سردار مسعود خان کی ان تمام عالمی سطح پر کی جانے والی کاوشوں پر خراج تحسین پیش کیا جو کشمیر کاز کے لئے صدر مسعود نے عالمی سطح پر ہندوستانی مظالم کو بے نقاب کرنے اور مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالی اور وہاں کے لوگوں کی اپنے حق آزادی کے لئے اٹھائی جانے والی آواز کو عالمی ضمیرتک پہنچانے میں اپنا کردار ادا کیا ہے۔

وفد نے صدر آزادکشمیر کو اپنے حلقے کے مسائل سے بھی آگاہ کیا ۔

(جاری ہے)

مختلف سڑکوں کی تعمیر کے سلسلے میں صدر گرامی کی توجہ دلائی اور پن بجلی کے حوالے سے لگنے والے مستقبل قریب میں منصوبوں پر مقامی آبادی کو رزگار کے مواقع فراہم کرنے کے لئے گوش گزار کیا۔ وفد نے صدر گرامی کو جلد ہی اپنے حلقے کا تفصیلی دورہ کرنے کی دعوت دی جو صدر آزادکشمیر نے قبول کی۔

اس موقع پر صدر آزادکشمیر نے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ان کی اور حکومت آزادکشمیر کی یہ اولین ترجیح ہے کہ لوگوں کو بنیادی سہولیات فراہم کی جا سکیں ۔ صدر نے کہا کہ ذرائع رسل ورسائل سڑکات کو ترجیحی بنیادوں پر بہتر انداز میں تعمیر کروایا جائے گا۔ صدر نے کہا کہ پاک چین اقتصادی راہداری سے آزادکشمیر کے لوگوں کو بے پناہ ترقی کے مواقع ملیں گے ۔

صدر نے مزید کہا کہ آزادکشمیر میں سیر وسیاحت کو فروغ دینے کے لئے ایک سیاحتی راہداری پر عنقریب عملدرآمد کیا جائے گا جس کے تحت چکار سے لس ڈنہ ، لس ڈنہ سے سدھن گلی اور سدھن گلی سے حاضی پیر اور تولی پیربنجونسہ تک ایک بہترین سیاحتی ایکسپریس وے بنائی جائے گی جس سے بے پناہ سیر و سیاحت کو فروغ ملے گا۔ صدر نے مزید کہا کہ ہم آزادکشمیر میں گڈ گورننس ، تعلیم ، زراعت، صحت عامہ اور ترقی کے یکساں مواقع عام آدمی کو فراہم کریں گے۔

وفد میںسردار سیاب خالد سابق سپیکر، سردار محمد عاشق صدر مسلم لیگ حلقہ نمبر 4، سردار محمد الطاف سابق ممبر ضلع کونسل، سردار ریاض روشن ، سردار محمد جہانگیر سابق چیئرمین یونین کونسل ریاڑہ، سردار توصیف عزیز اور سردار وسیم عاشق شامل تھے۔ اس موقع پر ڈپٹی ڈائریکٹر میڈیاہمراہ جناب صدر گرامی حماد رحیم اور پرائیویٹ سیکرٹری ہمراہ جناب صدر گرامی عتیق الرحمان بھی موجود تھے۔