زرداری نے کراچی کو کرچی کرچی کر دیا، یوٹرن خان نے کے پی اجاڑا، شہبازشریف

پشاور میں پانچ سال میں ایک بھی اسپتال نہیں بنایا گیا،پی ٹی آئی نے اورنج لائن ٹرین کو روکنے کی کوشش کی، لاہوروالو ترقی کا راستہ روکنے والوں سے بدلہ لینے کا وقت آگیا، کسی انسان کے اگے نہیں جھکیں گے، ہم نے پنجاب بھر میں اسپتالوں کا جال بچھایا،ہماری جہاں تک نظر پڑی کرپشن کو گلے سے پکڑا، نیب سمیت جتنے ادارے دن رات کھوج لگائیں میں حاضر ہوں وزیراعلی پنجاب کا لاہور میں تحصیل ہیڈ کوارٹر اسپتال کاہنہ کی افتتاحی تقریب سے خطاب

جمعہ 27 اپریل 2018 19:51

زرداری نے کراچی کو کرچی کرچی کر دیا، یوٹرن خان نے کے پی اجاڑا، شہبازشریف
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 27 اپریل2018ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف نے کہا ہے کہ آصف زرداری نے کراچی کو کرچی کرچی کردیا اور یوٹرن خان نے خیبرپختونخوا کو اجاڑ دیا،پی ٹی آئی نے اورنج لائن ٹرین کو روکنے کی کوشش کی، لاہوروالو ترقی کا راستہ روکنے والوں سے بدلہ لینے کا وقت آگیا، کسی انسان کے اگے نہیں جھکیں گے،ہم نے پنجاب بھر میں اسپتالوں کا جال بچھایا،ہماری جہاں تک نظر پڑی کرپشن کو گلے سے پکڑا، نیب سمیت جتنے ادارے دن رات کھوج لگائیں میں حاضر ہوں ۔

جمعہ کو لاہور میں تحصیل ہیڈ کوارٹر اسپتال کاہنہ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شہبازشریف نے کہا کہ پنجاب کے اسپتالوں میں خواتین، بچوں اور بوڑھوں کا بہترین علاج کیا جارہا ہے، میواسپتال کے سرجیکل ٹاور میں یورپ کی طرح ہر قسم کی طبی سہولت موجود ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہم نے پنجاب بھر میں اسپتالوں کا جال بچھایا لیکن خیبرپختونخوا میں اداروں کو تباہ کردیا گیا، آصف زرداری نے کراچی کو کرچی کرچی کردیا جب کہ خیبرپختونخوا کا اجاڑ کر قصہ خوانی بازار بنادیا گیا، پشاور میں پانچ سال میں ایک بھی اسپتال نہیں بنایا گیا۔

زرداری اور نیازی مل چکے ہیں، یہ دونوں ہم پیالہ اور ہم نوالہ بن چکے ہیں، انہوں نے ملک کو تباہ کیا ہے۔شہبازشریف نے کہا کہ ہماری جہاں تک نظر پڑی کرپشن کو گلے سے پکڑا، نیب سمیت جتنے ادارے دن رات کھوج لگائیں میں حاضر ہوں، نیب کا بھرپور عمل جاری ہے، وہ کچھ بھی کریں، دوسرے ادارے بھی کارروائیاں کررہے ہیں، اگر میری ذات کے خلاف ایک پیسے کی کرپشن آگئی، آپ کا ہاتھ میرا گریبان ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ صوبے میں کئی سالوں میں کئی سو ارب روپے بچائے، اگر 70 سال میں کسی نے ایسے پیسے بچائے تو اسے سلیوٹ کروں گا، کئی سو ارب بچانے پر تعریف کی ضرورت نہیں لیکن اس کی حوصلہ افزائی کی جانی چاہیے۔وزیراعلی پنجاب نے مزید کہا کہ اللہ سے ڈرتے ہیں کسی انسان سے نہیں ڈرتے، کسی انسان کے اگے نہیں جھکیں گے۔