کشمیریوں کو خود ارادیت دیے بغیر خطے میں پائیدار امن کا خواب ہرگز شرمندہ تعبیر نہیں ہوسکتا، سید علی گیلانی

کشمیر بارے صدر پاکستان ممنون حسین کے بیان کا خیرمقدم کرتے ہیں ‘تنازعہ کشمیر کے حل کیلئے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں پر عمل درآمد کرنے کی ضرورت ہے ‘کشمیری عوام حق خود ارادیت کی تحریک کی سیاسی ، اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھنے پر پاکستان کے مشکور ہیں‘کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین کا جاری بیان

جمعہ 27 اپریل 2018 19:53

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 27 اپریل2018ء) مقبوضہ کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین سید علی گیلانی نے کہا ہے کہ کشمیریوں کو انکا ناقابل تنسیخ حق، حق خود ارادیت دیے بغیر خطے میں پائیدار امن و استحکام اور ترقی کا خواب ہرگز شرمندہ تعبیر نہیں ہوسکتا۔ کشمیر میڈیا سرو س کے مطابق سید علی گیلانی نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کشمیر کے بارے میںپاکستان کے صدر ممنون حسین کے حالیہ بیان کا خیرمقدم کیا جس میں انہوں نے تنازعہ کشمیر کے حل کیلئے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں پر عمل درآمد کرنے پر زور دیا تھا۔

سید علی گیلانی نے کہا کہ کشمیری عوام حق خود ارادیت کی تحریک کی سیاسی ، اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھنے پر پاکستان کے مشکور ہیں۔

(جاری ہے)

حریت چیئرمین نے مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے پاکستان کی سنجیدہ کوششوں کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے اصولی موقف اور کشمیریو ں کی پٴْرامن جدوجہد میں مکمل طور پر ہم آہنگی موجود ہے۔انہوں نے بھارت کی غیر سنجیدگی، ضد اور ہٹ دھرمی پر اظہارِ افسوس کرتے ہوئے کہا کہ بھارت خود تنازعہ کشمیر کو اقوام متحدہ میں لے گیا تھا اور اب وہ تاریخی حقائق کو جھٹلا رہاہے۔

سید علی گیلانی نے اقوامِ متحدہ کے سیکریٹری جنرل سے مطالبہ کیا کہ وہ مسئلہ کشمیر کو عالمی ادارے کی پاس کردہ قراردادوں کے مطابق حل کرانے کیلئے بھارت پر دبائو ڈالیں۔ انہوںنے کہا کہ بھارت نے گزشتہ سات دہائیوں کے دوران چھ لاکھ سے زائد کشمیریوں کو شہید کیااور نہتے کشمیریوں کے خلاف اسکے مظالم روز بہ روز بڑھ رہے ہیں لہذا اقوام متحدہ ، اسلامی تعاون تنظیم جیسے معتبر عالمی اداروں کی ذمہ داری ہے کہ وہ مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے بھارت پر اپنا دبائو بڑھائیں۔

سید علی گیلانی نے مقبوضہ علاقے کی موجودہ صورتحال کوعالمی امن کے لیے ایک سنگین خطرہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ بھارتی فورسزنے کشمیر کو میدانِ جنگ میں تبدیل کرکے کشمیریوں کی زندگیاں اجیرن بنا دی ہیں۔ انہوںنے نوجوانوں کی قربانیوں کو شاندار خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کشمیریوں سے اپیل کی کہ وہ تحریک آزادی کے خلاف دشمن کی سازشوں کی ناکام بنانے کیلئے اپنی صفوں میں اتحاد و اتفاق کو مزید مضبوط بنائیں۔