اسلام گڑھ ‘میرپورکوٹلی روڈ پر واقع خفیہ کڈنی ٹرانسپلانٹ ہسپتال پر ایس ایس پی میرپور کی قیادت میں چھاپہ

مرکزی ملزم شوکت حسین سمیت 11ملزمان گرفتار ‘ملزمان 6ماہ سے خفیہ طور پر غیر قانونی کڈنی ٹرانسپلانٹ ہسپتال چلا رہے تھے

جمعہ 27 اپریل 2018 19:59

اسلام گڑھ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 27 اپریل2018ء) اسلام گڑھ سے ایک کلو میٹر کے فاصلے پر کلیال بینسی کے مقام پر میرپورکوٹلی روڈ پر واقع خفیہ کڈنی ٹرانسپلانٹ ہسپتال پر ایس ایس پی میرپور ریاض بخاری کی قیادت میں چھاپہ،مرکزی ملزم شوکت حسین سمیت 11ملزمان گرفتار کر لئے گے۔ملزمان گذشتہ چھ ماہ سے خفیہ طور پر غیر قانونی کڈنی ٹرانسپلانٹ ہسپتال چلا رہے تھے۔

چھ ماہ میں چھ آپریشن کیے گے اور ہر آپریشن کا دس لاکھ کے قریب پیسہ وصول کیا جاتا رہا۔گرفتار کیے گے مرکزی ملزم شوکت حسین کا تعلق محلہ آصف آبادلالہ رخ واہ کینٹ ٹیکسلا راولپنڈی سے ہے ۔جبکہ آپریشن کے لئے دو ڈاکٹر لاہور اور ملتان سے باری باری بلوائے جاتے تھے۔گرفتار شدگان میں خیبر پختونخواہ گورنمنٹ ٹیچنگ ہسپتال کا Jct Anesthesia عبدالبصیر بھی شامل ہے۔

(جاری ہے)

جبکہ دیگر ملزمان کا تعلق کراچی،اندرون سندھ ،چارسدہ اور خیبر پختونخواہ کے دیگر علاقوں سے ہے۔کڈنی ہسپتال کے لئے بلڈنگ 90ہزار روپے کے عویض کرائے پر لی گئی۔ایس ایس پی میرپور ریاض بخاری کی قیادت میں ہونے والے آپریشن میں اسٹنٹ کمشنر میرپور چوہدری ساجد حسین،اے ڈی ایچ او ڈاکٹر ندیم فضلدا د چوہدری،ڈرگ انسپکٹر میرپور چوہدری عجائب،ڈی ایس پی میرپور راجہ ندیم عارف سمیت ایس ایچ او تھانہ اسلام گڑھ چوہدری وسیم نواز اور ایس ایچ او تھانہ افضل پور چوہدری عمران نے بمعہ عملہ شرکت کی۔

اس موقع پر اسلام گڑھ جرنلسٹ فورم کے سابق صدر خالد محمودمغل،نوجوان صحافی راجہ عامر اختربھی موجود تھے جبکہ ہسپتال کی بلڈنگ کے باہر عوام علاقہ کی کثیر تعداد موجود تھی۔عوام علاقہ کا ایس ایس پی میرپور ریاض بخاری سمیت آپریشن میں حصہ لینے والے تمام آفیسران کو خراج تحسین پیش کیا۔کاروائی کے بعد ایس ایس پی میرپور ریاض بخاری نے موقع پر عوام علاقہ سے اپنے مختصر خطاب میں کہا کہ عوام کو چاہیے کہ بغیر تحقیق کے پیسے کی لالچ میں اپنے بلڈنگ کرائے پر مت دیں ۔

عوام کے تعاون سے ہی ہم شہر کو جرائم سے پاک کر سکتے ہیں۔عوام اپنے ارد گرد ہونے والی غیر معمولی نقل وحرکت پر نظر رکھیں اور ہر واقعے کی اطلاع فوری طور پر پولیس کو دیں۔تفصیلات کے مطابق جمعرات اور جمعہ کی درمیانی شب ایس ایس پی میرپور ریاض بخاری کی قیادت میں اسلام گڑھ سے ایک کلو میٹر کے فاصلے پر کلیال بینسی کے مقام پر مرکزی میرپور کوٹلی شاہراہ پر خفیہ طور پر چلنے والے غیر قانونی کڈنی ٹرانسپلانٹ ہسپتال پر چھاپہ مارا گیا۔

چھاپہ کے دوران کڈنی ٹرانسپلانٹ کے مرکزی کردار شوکت حسین ولد محمد حسین قوم منگرال راجپوت،ساکن محلہ آصف آباد ،لالہ رخ ،تحصیل ٹیکسلاء راولپنڈی اور مالک بلڈنگ مظہر اقبال سمیت گیارہ ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا اور ہسپتال کو سیل کر دیا گیا۔دیگر ملزمان میں خیبر پختونخواہ گورنمنٹ ٹیچنگ ہسپتال کا Jct Anesthesia عبدالبصیر ولد عبدالنعیم قوم پٹھان سکنہ گگر پشاور،شوکت حسین ولد عبدالرزاق سکنہ فقیر آباد چارسدہ،محمد حسین ولد بہادر خان قوم پٹھان ساکن چارسدہ،ہاشم نسیم ولد محمد نسیم قو م عباسی ساکنہ گمبیر ضلع ایبٹ آباد،فہد ولد مہتاب الدین قوم شیخ ساکن عائشہ منزل کراچی،عمران محمود ولد محمد یونس قوم لدھن تحصیل وضلع گوٹگی،شعیب خان،ارشد خان اور گلشید شامل ہیں۔

خفیہ طور پر چلنے والے غیر قانونی کڈنی ٹرانسپلانٹ کے خلاف کاروائی کو سراہتے ہوئے عوام علاقہ نے ایس ایس پی میرپور ریاض بخاری کو زبردست الفاظ میں خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ ریاض بخاری سماج دشمن اور انسانیت کے دشمنوں کے خلاف کاروائی کر کے اچھا اقدام کر رہے ہیں۔۔اس موقع پر گرفتار مرکزی ملزم شوکت حسین ولد محمد حسین نے اسلام گڑھ جرنلسٹ فورم کے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں بہت سختی تھی جس کے بعد آزاد کشمیر کے اس علاقے کا انتخاب کیا گیا اور بلڈنگ ماضی میں اسلام گڑھ پرائیویٹ طور پر کام کرنے والے ڈاکٹر کی مدد سے حاصل کی۔

آپریشن ملتان اور لاہور سے دو سرجن کرتے تھے جبکہ مریضوں اورگردے فروخت کرنے والوں کا تعلق بھی پنجاب اور پاکستان کے مختلف شہروں سے ہوتا تھا۔فی آپریشن کے عویض 9لاکھ سے زائد وصول کیے جاتے تھے۔ایس ایس پی میرپور ریاض بخاری نے تفتیش کا دائرہ کار بڑھاتے ہوئے اس گھنونے کاروبار میں ملوث ڈاکٹروں اور دیگر افراد کی گرفتاری کے لئے بھی خصوصی ٹیمیں تشکیل دے دیں۔گرفتار ملزمان کے خلاف 419,420,334,120B,34APCکے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا۔