بھگوان کی تصویر پر سیاسی جماعت کے سربراہ کی تصویر لگانے کا معاملہ، ذیلی کمیٹی کی ایف آئی آر درج کر نے اور وزارت خارجہ کو امریکہ کے متعلقہ اداروں سے معلومات حاصل کر نے کے معاہدہ کی ہدایت

جمعہ 27 اپریل 2018 20:02

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 27 اپریل2018ء) قومی اسمبلی کی ذیلی کمیٹی برائے حکومتی یقین دہانیوں نے ایف آئی اے کو سوشل میڈیا پر ہندوئوں کے بھگوان کی تصویر پر سیاسی جماعت کے سربراہ کی تصویر لگانے کے معاملے کی ایف آئی آر درج کر نے اور وزارت خارجہ کو امریکہ کیمتعلقہ اداروں سے معلومات حاصل کر نے کا معاہدہ کر نے کی ہدایت کر دی۔

تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے حکومتی یقین دہانیوں کی ذیلی کمیٹی کا اجلاس کنوینئر شہزادی عمر زادی ٹوانہ کی صدارت میں ہو ا ، اجلاس میں سوشل میڈیا پرہندوئوں کے شیو بھگوان کی تصویر کی جگہ ایک سیاسی جماعت کے سربراہ کی تصویر لگانے کا معاملہ زیر غور آیا ، رکن اسمبلی لال چند نے کہا کہ جو رپورٹ آج ہمیں دی گئی ہے یہ وہی رپورٹ ہے جو گزشتہ اجلاس میں دی گئی تھی ، پی ٹی اے حکام نے کمیٹی کا بتایا کہ ہم نے 17 ویب سائٹس کی لسٹ بھجوا دی ہے ،شہزادی عمر زادی ٹوانہ نے کہا کہ پی ٹی اے نے ہمیں وہ لسٹ مہیا کی تھی اور ہم نے ایف آئی اے کو فراہم کر دی تھی ، تاہم ڈی جی ایف آئی اے لسٹ کی فراہمی کے حوالے سے لاعلم نکلے ، کمیٹی نے ایف آئی اے حکام کو ہدایت کی کہ معاملے کی ایف آئی آر درج کرائی جائے اور امریکہ کے متعلقہ اداروں سے معلومات حاصل کر نے کامعاہدہ کیا جائے ، کمیٹی نے ایف آئی اے حکام کو رکن اسمبلی رمیش لعل ، لال چند اور وزارت خارجہ حکام کے ساتھ میٹنگ کر نے کی ہدایت کر دی ،اجلاس میں قومی اسمبلی اور سینیٹ کے ملازمین کو سرکاری مکانات نہ ملنے کا معاملہ بھی زیر بحث آیا ، متعلقہ حکام نے کمیٹی کو آگاہ کیا کہ قومی اسمبلی اور سینیٹ نے قانون پاس کر دیا ہے جس کے تحت اب قومی اسمبلی اور سینیٹ کے ملازمین کو بھی باقی ملازمین کی طرح سرکاری مکانات دیئے جائیں گے ، سیکرٹری ہائوسنگ نے کمیٹی کو بتایا کہ اسمبلی کی طرف سے گزٹ نوٹیفیکیشن مل چکا ہے وزارت قانون نے بھی منظوری دے دی ہے پیر تک آرڈر جاری کر دیا جائے گا۔

(جاری ہے)

اجلا س میں ضلع ننکانہ صاحب میں دریائے راوی پر سید والا کے مقام پر تاخیر سے تعمیر کیئے جانے والے پل کا معاملہ بھی زیر بحث آیا ، کمیٹی نے پل کے لئے رابطہ سڑکیں بنانے کی ہدایت کر دی ،کمیٹی اجلاس میں 2016میں اسمبلی سے پاس ہو نے والی قرارداد کے حوالے سے بھی بحث کی گئی جس میں کہا گیا تھا کہ ہر سال ایک اعلی سطحی وفد روضہ رسول پر حاضری دینے سعودی عرب جایا کر ے گا اور وزارت مذہبی امور اس حوالے سے انتظامات کر ے گی ، کمیٹی نے وزارت مذہبی امور کو اس حوالے سے قواعدوضوابط بنانے کی ہدایت کر دی ، اجلاس میں رکن اسمبلی شیر اکبر خان نے کہا کہ 14فروری کو وزیر مملکت عابد شیر علی نے کہا تھا مارچ 2018تک بونیر سے لوڈشیڈنگ ختم کر دیں گے ، حکومت کے قو ل وفعل میں تضاد ہے ، لوڈشیڈنگ اب بھی ہو رہی ہے ، چیف انجینئر پیسکو نے کمیٹی کو بتایا کہ زیادہ نقصان والے فیڈرز میں لو ڈشیڈنگ ہو رہی ہے ، شیر اکبر خان نے کہا کہ ہمارے فیڈر میں کوئی نقصان نہیں ہے ، کنوینئر کمیٹی نے حکام کو ہدایت کی کہ بونیرمیں بجلی کے مسئلے پر تحریری طور پر لکھ کر ہمیں بتایا جائے ، اجلا س میں گزشتہ دو سالوں سے بجٹ اجلاس کے دوران پارلیمنٹ میں ڈیوٹی سر انجام دینے والے پولیس اہلکاروں کو اعزازیہ نہ ملنے کا معا ملہ بھی زیر غور آیا ، وزارت خزانہ حکام نے کمیٹی کو آگاہ کیا کہ بجٹ سیشن کے بعد یہ معاملہ حل ہو جائے گا ، کنوینئر کمیٹی نے کہا کہ 21مئی تک یہ معاملہ حل کریں ۔