ساہیوال:اوور سیز پاکستانیوں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جا رہے ہیں،کمشنر

جمعہ اپریل 20:11

ساہیوال۔27 اپریل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 27 اپریل2018ء) کمشنر ساہیوال ڈویژن علی بہادر قاضی نے کہا ہے کہ اوورسیز پاکستانیز کمیشن پنجاب سمندر پار مقیم پاکستانیوں کی شکایات کے ازالے کیلئے موثر پلیٹ فارم بن چکا ہے جس نے مختصر عرصے میں ہزاروں اوور سیز پاکستانیوں کو ریلیف مہیا کیا ہے ، وہ اپنے دفتر میں اوور سیز پاکستانیوں کی شکایات کے حل کیلئے ڈویژنل جائزہ اجلاس کی صدارت کر رہے تھے، اجلاس میں آر پی او طارق رستم چوہان ، ڈائریکٹر ریونیو او پی سی عشرت اللہ نیازی، ڈپٹی ڈائریکٹرز عقیل خان ، رضوان نذیر اور تینوں اضلاع کے سول و پولیس حکام نے شر کت کی، انہو ں نے کہا کہ سمندر پار مقیم ہم وطنوں کی شکایات کے ازالے میں ڈسٹرکٹ اوور سیز کمیٹیوں کا کردار خصوصی اہمیت کا حامل ہے اور ان کمیٹیوں کے فعال کر دار سے اوور سیز پاکستانیوں کے مسائل جلد از جلد حل ممکن ہے، انہو ںنے ہدایت کی کہ ڈسٹرکٹ کمیٹیوں کے اجلاس باقاعدگی سے منعقد کئے جائیں اور کارروائی کو او پی سی ویب پورٹل پر اپ لوڈ کیا جائے تا کہ شکایت کنندہ کو اس حوالے سے مکمل طور پر باخبر رکھا جائے ، او پی سی کے ڈپٹی ڈائریکٹر عقیل خان نے اجلاس کو بتایا کہ ضلع ساہیوال میں اوور سیز پاکستانیوں نے 176شکایات جمع کروائیں جن میں سے 84حل کر لی گئی ہیں، ضلع اوکاڑہ میں 82 شکایات درج ہوئی جن میں سے 28حل کر لی گئیں جبکہ 12زیر التواء ہیں جبکہ ضلع پاکپتن میں 37شکایات درج ہوئیں جن میں سے 21حل کر لی گئی ہیں،کمشنر نے بتایا کہ اوور سیز پاکستانیوں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جا رہے ہیں اور اس ضمن میں ایک جامع پالیسی پر عمل در آمد جاری ہے ۔

متعلقہ عنوان :