تمام مشکلات و مسائل کا حل صرف یاد الٰہی میں ہی ہے ، پیر ذو الفقار نقشبندی

جمعہ 27 اپریل 2018 20:13

لاہور۔27 اپریل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 اپریل2018ء) تاریخی عالمگیری باد شاہی مسجد لاہور میں خطیب بادشاہی مسجد وچیئر مین مجلس علماء پاکستان مولانا سید عبد الخبیر آزاد کی زیرسرپرستی تزکیہ نفس و اصلاح امت کے عنوان کے تحت عظیم اجتماع منعقد کیا گیا، جس میں عالمی مبلغ اسلام وعظیم روحانی شخصیت حضر ت پیر ذوالفقار احمد نقشبندی نے جمعتہ المبارک کے عظیم اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج امت مسلمہ مشکلات وپریشانیوں میں گھری ہوئی ہے اور طرح طرح کے مسائل ان کو گھیرے ہوئے ہیں جس کی واحد وجہ اللہ تعالیٰ کے احکامات سے روگردانی ہے، جب تک ہم اپنے نفس کو گناہوں سے پاک نہیں کریں گے اوردل کو یاد الٰہی سے منور نہیں کریں گے ہم کامیابی حاصل نہیں کر سکتے ، تمام مشکلات ومسائل کا حل صرف اور صرف یاد الٰہی ہی میں منحصر ہے ،آج ہم سب بحیثت امہ اللہ تعالیٰ کے حضور سچے دل سے توبہ کریں اور اللہ تعالیٰ کے احکامات کو بجا لاتے ہوئے اپنے دلوں کو یاد الٰہی سے ہمیشہ منور رکھیں ،خصوصا نماز اور واجبات کی پابندی کریں تبھی جا کر ہم موجودہ معاشرے کی بے ہودہ یلغار اور تباہی سے بچ سکتے ہیں ورنہ جو حالات اور واقعات پیدا ہو رہے ہیں وہ امت کو تباہی کی طرف لے جا رہے ہیں ، خطیب امام بادشاہی مسجد مولانا سید عبد الخبیر آزاد نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ برزر گان دین کا وجود دھرتی پر اللہ تعالی ٰ کی نعمت ہیں، بر صغیر پاک و ہند میں اولیاء اللہ و بزرگان دین نے ہمیشہ امت کی اصلاح اور تزکیہ نفس کیلئے اپنے آپ کو وقف کیئے رکھا اور یہی وجہ ہے کہ آج امت مسلمہ ان برزر گان دین کی تعلیمات کو اپنائے ہوئے ہے اور ان سے دلی محبت وعقیدت رکھتی ہے ، اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ ہمیں ان برزگان دین کے نقش قدم پر چلائے ۔

متعلقہ عنوان :