گورنر پنجاب سے مسلم لیگ(ن) تاجر ونگ کے وفد کی ملاقات، درپیش مسائل سے آگاہ کیا

پنجاب حکومت نے ہمیشہ تاجروں کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا ہے، ملک محمد رفیق رجوانہ

جمعہ 27 اپریل 2018 20:13

گورنر پنجاب سے مسلم لیگ(ن) تاجر ونگ کے وفد کی ملاقات، درپیش مسائل سے ..
لاہور۔27 اپریل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 اپریل2018ء) گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ سے گورنر ہائوس لاہور میںمسلم لیگ(ن) تاجر ونگ کے سینئر نائب صدر ارجمند مقصود بٹ کی قیادت میں تاجروں کے وفد نے ملاقات کی۔ ملاقات میں وفد نے گورنر پنجاب کو انہیں درپیش مختلف مسائل سے آگاہ کیا۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ تاجر قومی معیشت میں اہم کردار ادا کررہے ہیں اور کاروباری سرگرمیوں میں وسعت کی وجہ سے لوگوں کے لئے روزگار اور کاروبار کے نئے مواقع پیدا ہورہے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ تاجر اور صنعت کار کسی بھی ملک کی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں اور پنجاب حکومت نے ہمیشہ تاجروں کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا ہے تاکہ ملکی اکانومی مضبوط ہو۔انہوں نے کہا کہ تاجر برادری جس استقامت سے مشکل ترین حالات میں ملک کے کاروبار کو رواں دواں رکھے ہوئے ہے قابل ستائش ہے۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ قومی سوچ اپنانے سے مسائل باآسانی حل ہو سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت تاجروں کے مسائل سے بخوبی آگاہ ہے اور ایسے اقدامات اٹھائے جارہے ہیں جن سے انہیں زیادہ سے زیادہ ریلیف حاصل ہو اور سہولیات میں اضافہ ہو سکے۔