الیکشن کمیشن آئندہ عام انتخابات کو شفاف اور غیر جانبدارانہ بنانے کے لئے کوشاں ہے،ڈاکٹر اختر نذیر

افسران پوری دیانتداری اور ایمانداری کے ساتھ اپنے فرائض منصبی ادا کریں اور عوام کو ہر ممکن ووٹ کاسٹ کرنے کی سہولیات کی فراہمی میں اپنا کردار ادا کریں، ایڈیشل سیکرٹری (ایڈمن) الیکشن کمیشن آ ف پاکستان کا پشاور میں انتخابی تیاروں کے حوالے سے جائز ہ اجلاس سے خطاب

جمعہ اپریل 20:17

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 27 اپریل2018ء) الیکشن کمیشن عام انتخابات کو شفاف اور غیر جانبدار نہ بنانے کے لیے کوشاں ہے۔ ان خیالات کا اظہار ایڈیشنل سیکرٹری (ایڈمن) ڈاکٹر اختر نذیر نے خیبر پختونخوا اور فاٹا کے تمام ریجنل، ڈسٹرکٹ و ایجنسی الیکشن کمشنرز کے انتخابات کی تیاریوں کے ایک جائزہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں ظفر اقبال حسین ایڈیشنل سیکرٹری (ٹریننگ) پیر مقبول احمد صوبائی الیکشن کمشنر خیبر پختونخوا ندیم قاسم ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل (پی آر) اور صوبائی الیکشن کمشنر دفتر کے افسران نے بھی شرکت کی۔

ڈاکٹر اختر نذیر نے افسران پر زور دیا۔ کہ وہ الیکشن کمیشن کی ہدایات پر من و عن عمل کر کے اپنی توانائیاں آئندہ عام انتخابات کو بہتر سے بہتر بنانے پر صرف کریں۔

(جاری ہے)

کیونکہ پوری قوم کی نظریںانتخابات پر لگی ہوئی ہیں۔ اُنہوں نے کہا کہ افسران پوری دیانتداری اور ایمانداری کے ساتھ اپنے فرائض منصبی ادا کریں اور عوام کو ہر ممکن ووٹ کاسٹ کرنے کی سہولیات کی فراہمی میں اپنا کردار ادا کریں۔

اِس سے پہلے صوبائی الیکشن کمشنر نے اجلاس کو صوبے اور فاٹا کے بارے میں انتخابات کی تیاریوں کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی اُنہوں نے بتایا کہ اب تک ڈسپلے مراکز سے فارم 16, 15 اور 17 اکھٹے کیے جا رہے ہیں۔ جس پر Revising Authorities نے فیصلے دیے اور اُن کو ضلعی دفاتر میں ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر ز کی موجودگی میں انٹری جاری ہے۔اُنہوں نے کہا کہ صوبے اور فاٹا میں کل 2545 ڈسپلے مراکز قائم کیے گئے ہیں۔

اور عوام اپنے ووٹ کے اندراج ، تصحیح و دیگر معلومات کیلئے ڈسپلے مراکز میں انتخابی فہرستوں سے استفادہ کر سکتے ہیں۔ جو کہ 30 اپریل تک ان مراکز میں یہ فہرستیں آویزاں رہینگی۔ اُنہوں نے بتایا کہ خیبر پختونخوا میں 134 اور فاٹا میں 28 مراکز میں اسسٹنٹ پریذائڈنگ آفیسر ز اور پولنگ آفیسرز کی Orientation Training جاری ہے اور اب تک 8794 پولنگ سٹاف کو تربیت دی چا چکی ہے۔

تربیت کا یہ مرحلہ 23 اپریل سے شروع ہو ا ہے۔ جو 12 مئی تک جاری رہے گا۔ صوبائی الیکشن کمشنر نے یقین دلایا کہ اُن کی پوری ٹیم آئیندہ عام انتخابات کو شفاف اور عوام کی توقعات کے مطابق منعقد کرانے کیلئے پوری طرح تیار ہے۔ایڈیشنل سیکرٹری ٹریننگ ظفر اقبال حسین نے تمام افسران سے ڈسپلے مراکز میں موصول ہونے والے فارم 15 اور اُس پر ہونے والے فیصلوں اور دیگر اہم اُمور پر بریفنگ لی۔

اُنہوں نے افسران پر زور دیا کہ وہ انتخابی فہرستوں میں غلطیوں کی بروقت نشاندہی کریں۔ اور خود اس مرحلے کو مانیٹر کریں۔ تاکہ غلطیوں سے پاک انتخابی فہرستیں تیار ہوسکیں۔ اُنہوں نے بتایا کہ ابھی تک جتنا الیکشن میٹریل بشمول بیلٹ بکس ، سٹیشنری اور دیگر انتخابی مواد ان کے دفاتر کو موصول ہوئی ہے۔ اُس کو بہتر طریقے سے محفوظ کریں۔ اُنہوں نے بتایا کہ جلد ہی الیکشن کمیشن حلقہ بندیوں کا باقاعدہ اعلامیہ جاری کر رہا ہے۔ اور اس کے بعد ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسرز اور ریٹرننگ آفیسرز کا نوٹیفیکشن بھی جاری کیا جائے گا۔