Live Updates

پی ٹی آئی کے نوجوان اور کارکنان چیئر مین عمران خان کی پیغام کو ملک کے کونے کونے میں پہنچانے میں اپنا کردار ادا کریں،محمود خان

جمعہ 27 اپریل 2018 20:17

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 27 اپریل2018ء) خیبر پختونخوا کے وزیر آبپاشی و کھیل اور پاکستان تحریک انصاف ملاکنڈ ریجن کے صدر محمود خان نے نوجوانوں سے کہا ہے کہ وہ پاکستان تحریک انصاف کے چیئر مین عمران خان کے پیغام کو گھر گھر پہنچانے سمیت آئندہ آنے والے عام انتخابات میں پی ٹی آئی کے امیدواروں کو کامیاب کرنے کے لئے اپنا کردار ادا کریں ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے مٹہ سوات میں پی ٹی آئی کی یوتھ کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیاجبکہ کنونشن سے تحصیل مٹہ کے ناظم عبد اللہ خان ، نائب ناظم محمد حکیم خان اور پی ٹی آئی کے رہنما ملک اختر علی خان نے بھی خطاب کیا ۔محمود خان نے کہا کہ ہم اپنی قوم کو عمران خان کی قیادت میں بے ساکھیوں کے بغیر اپنے پائوں پر کھڑا کرنا چاہتے ہیں ، ہمارا عزم کرپشن کا خاتمہ ، اداروں میں شفاف نظام لانااور حقدار کو انصاف اور ریلیف فراہم کرنا ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہمارے ملک اور خاص کر خیبر پختونخوا میں وسائل کی کوئی کمی نہیں تاہم ان سے استفادہ صحیح انداز میں نہیں کیا جارہا ہے ، ملک کی جڑیں کھوکھلی کرنے میں سیاستدانوں کا ہی ہاتھ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ صوبے کے ہر علاقے میں ترقیاتی منصوبوں پر کام جاری ہے اور صوبے میں کرپشن فری اسلامی فلاحی معاشرے کی داغ بیل پڑ چکی ہے اور غریب آدمی کا کام بغیر کسی سفارش اور رشوت کے ہو رہا ہے ، یہی ہماری لائی ہوئی تبدیلی ہے جس کے ثمرات سے غریب اور مستحق افراد مستفیدہو رہے ہیں ۔

محمود خان نے کہا کہ ہماری صوبائی حکومت نے سودی کاروبار ، جہیز پر پابندی ، مساجد کو سولرائزیشن ، ختم نبوت کو نصاب میں شامل کرنے اور سکولوں میں درسی کتب سے خلاف اسلام غلطیاں دور کرنے اور سکولوں میں ناظرہ قرآن بمعہ ترجمہ لازمی قرار دیا ہے اور صوبے کے مساجد کے ائمہ کے لئے وظائف کا اجراء بھی کر دیا ہے ۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ پی ٹی آئی عمران خان کی قیادت میں عدل و انصاف پر مبنی فلاحی حکومت کے قیام کے لئے ایک مشنری جذبے کے تحت مصروف عمل ہے ۔ محمود خان نے کہا کہ موجودہ حالات میں عمران خان واحد لیڈر ہے جو ملک کے مسائل حل کرنے اور چوروں لٹیروں سے نمٹنے کے علاوہ لوٹا ہوا خزانہ واپس لانے کی بھر پور صلاحیت رکھتا ہے ۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات