انتخابات سے قبل سیاسی بھل صفائی کا کام مکمل ہونا چاہیئے،عدلیہ کا قرضے معاف کرانے والوں کا نوٹس لینا خوش آئند ہے ، صاحبزادہ حامد رضا

جمعہ 27 اپریل 2018 21:11

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 27 اپریل2018ء) سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا نے کہا ہے کہ انتخابات سے قبل سیاسی بھل صفائی کا کام مکمل ہونا چاہیئے، عدلیہ کا قرضے معاف کرانے والوں کا نوٹس لینا خوش آئند ہے۔ حکومت نے پانچ سالوں کے دوران عوام کو ریلیف نہیں تکلیف دی۔ اقامہ رکھنے والے تمام ارکان پارلیمنٹ کے خلاف تحقیقات کی جائیں۔

افغانستان سے دہشت گردوں کے پاک فوج پر حملے قابل مذمت ہیں۔ ڈینگی ورکرز پر پنجاب پولیس کا تشدد شرمناک عمل ہے۔ شناختی کارڈ کی قیمت میں اضافہ واپس لیا جائے۔ ن لیگ اب کبھی اقتدار میں نہیں آئے گی۔ پاکستان کے دشمن اب قوم پرستی کو ہتھیار بنا رہے ہیں۔ لسانیت کو فروغ دینے والے ملک دشمنی کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

خواجہ آصف کو وزیر خارجہ ہوتے ہوئے کسی اور ملک میں ملازمت کرنا زیب نہیں دیتا تھا۔

ان خیالات کا اظہار انھوں نے سمن آباد میں سنی اتحاد کونسل لاہور کے راہنما راؤ حسیب احمد کی رہائش گاہ پر اپنے اعزاز میں دیئے گئے استقبالیہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ صاحبزادہ حامد رضا نے مزید کہا کہ کرپٹ مافیا جوڈیشل مارشل لا واویلا کر کے احتساب سے بچنا چاہتا ہے۔ ن لیگ کی ڈوبتی کشتی سے چھلانگیں لگانے والوں کی تعداد بڑھتی جائے گی۔ قوم انصاف اور احتساب کے لئے چیف جسٹس کے اقدامات پر خوش ہے۔

سیاسی اثر و رسوخ کے ذریعے کھربوں روپے کے قرضے معاف کرانے والے معاشی دہشت گردوں سے پائی پائی وصول کی جائے۔ ملکی وسائل پر چند خاندانوں کا قبضہ ختم ہونا چایئے۔ پاکستان کی 97 ارب ڈالر کی رقم سوئس بینکوں میں پڑی ہے جو کہ 30 سال کے ٹیکس فری بجٹ کے لئے کافی ہے۔ سانحہ ماڈل ٹاؤن کا فیصلہ شہباز شریف کو بھی سیاست سے آؤٹ کر دے گا۔ تیس سال اقتدار میں گزارنے والے بقیہ زندگی جیلوں میں گزارنے کے لئے تیار ہو جائیں۔ قوم نئے نظام اور نئی قیادت کی راہ دیکھ رہی ہے۔