ضلعی انتظامیہ کی کھلی کچہری میںاقلیتی برادری کی بڑی تعداد کی شرکت

ڈپٹی کمشنر پشاور کو اپنے مسائل کے بارے میں آگاہ کیا

جمعہ 27 اپریل 2018 20:43

ُُُُُُُپشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 27 اپریل2018ء) ضلعی انتظامیہ نے پشاور کے علاقے محلہ جوگن شاہ میں گردوارہ بھائی جوگا سنگھ میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا تھا۔ کھلی کچہری میں ڈپٹی کمشنر پشاور ڈاکٹر عمران حامدشیخ ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر شاہد علی خان، ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر ٹائون ون اصلاح الدین خان، ایس ایچ او تھانہ شاہ قبول، ڈپٹی کمشنر پشاور رضا کار فورس کے ممبران ملک افتخار اور عامر نواب اور ماتحت محکموں کے افسران سمیت عوامی نمائندگان، اقلیتی برادری،عوام اور علاقہ مشران نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔

عوام کی سہولت اور معلومات کے لیے کھلی کچہری سے پہلے اخبارات اور علاقے میں اعلانات کر وائے گئے تھے ۔ اس موقع پر لوگوں نے ڈپٹی کمشنر پشاور کو اپنے مسائل کے بارے میں بتایا ۔

(جاری ہے)

کھلی کچہر ی میں درخواست کی گئی کہ گردوارے سمیت علاقے میں پولیس کا گشت بڑھایا جائے تاکہ جرائم پر قابو پایا جاسکے۔ جبکہ علاقے میں سوئی گیس کا پریشر بہت کم ہے اس لیے گیس کا پریشر بڑھایا جائے۔

انھوں نے کہا کہ متعلقہ محکموں کو ہدایت دی جائے کہ وہ نالیوں کو صاف کر کے روزانہ کی بنیاد پر گلیوں میں صفائی کی صورتحال یقینی بنائے۔سکھ برادری نے درخواست کی کہ ہماری شادیوں کو سرکاری طور پر رجسٹر نہیں کیا جاتا جس کی وجہ سے ان کو بہت تکلیف کا سامنا ہے۔ اس لیے ان کی شادیوں کو سرکاری طور پر رجسٹر کیا جائے۔انھوں نے کہا کہ صحت انصاف کارڈسے سکھ برادری اب تک محروم ہے اور پاکستانی شہری ہونے کے وجہ سے ان کو صحت انصاف کارڈ کی سہولت دی جائے۔

انھوں نے کہا کہ ان کے شناختی کارڈ فارم اور دیگر کی تصدیق کا بہت مسئلہ ہے اس لیے اس مسئلے کا حل نکالا جائے۔ کھلی کچہری میں درخواست کی گئی کہ رامداس بازار میں تجاوزات مافیا نے جگہ جگہ تجاوزات قائم کر رکھیں ہیں جس کی وجہ سے فٹ پاتھ پر چلنے والوں کو سخت تکلیف کا سامنا ہے اور اکثر ٹریفک جام رہتا ہے اس لیے تجاوزات مافیا کے خلاف سخت کاروائی عمل میں لائی جائے۔

۔اس موقع پر دیگر افراد نے بھی اپنے اپنے مسائل کے بارے میں ڈپٹی کمشنر پشاور سے کھل کر بات کی جبکہ اکثر نے ان کو تحریری درخواستیں بھی دیں جس پر انھوں نے مو قع پر ہدایات جاری کیں۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر پشاور نے کہا کہ کھلی کچہری کا مقصد انتظامیہ اور عوام کے درمیان فاصلے کو ختم کر نا ہے اور عوامی مسائل کو ان کی دہلیز پر حل کر نا ہے۔ انھوں نے تمام افسران کو شکایات کے حل کی ہدایات جاری کیں اور عوام سے درخواست کی کہ ان کی درخواست اور شکایات پر کاروائی کے بارے میں ان کو ضرور آگاہ کریں۔ اس موقع پر لوگوں نے ڈپٹی کمشنر پشاور کا کھلی کچہری کے انعقا د پر شکریہ ادا کیا۔