سرگودھا، سوئی گیس نادرن پائپ لائن حکام کی آئندہ انتخابات بارے الیکشن کمیشن کو افرادی قوت اور وسائل دینے سے معذرت

دیگر اداروں کی جانب سے تاخیر پر ڈپٹی کمشنرز کو عملدرآمد تیز کروانے کی ہدایت جاری

جمعہ 27 اپریل 2018 20:43

سرگودھا(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 27 اپریل2018ء) سوئی گیس نادرن پائپ لائن حکام نے آئندہ عام انتخابات کے حوالے سے الیکشن کمیشن کو افرادی قوت اور وسائل دینے سے معذرت کر لی،جبکہ دیگر اداروں کی جانب سے تاخیر پر ڈپٹی کمشنرز کو عملدرآمد تیز کروانے کی ہدایت جاری کر دی گئیں،ذرائع کے مطابق الیکشن کمیشن نے تمام وفاقی و صوبائی ڈیپارٹمنٹ سے عام انتخابات کیلئے افرادی قوت کی فراہمی اور دستیاب وسائل کی تفصیلات طلب کر رکھی ہیں، بار بار ہدایت کے باوجود جہاں یہ عمل سست روی کا شکار ہے وہاں مشکلا ت میں اضافہ باعث تشویش بنتا جا رہا ہے ، اس سلسلہ میں گزشتہ روز الیکشن کمیشن نے سابقہ یادہانی نوٹسز کا حوالہ دیتے ہوئے ڈپٹی کمشنرز کو ٹاسک سونپا ہے کہ وہ ضلعی افسران سے جلد از جلد عملدرآمدکا پابند بنائیں، دوسری جانب گزشتہ روز جنرل منیجر ایچ آر سوئی نادرن گیس پائپ لائن نے الیکشن کمیشن کو اپنی جوابی چٹھی میں قوانین اور اپنی مشکلات کا حوالہ دیتے ہوئے افرادی قوت فراہم کرنے سے انکار کر دیا ان کا کہنا ہے کہ کام کی زیادتی کے باعث ادارے کو پہلے ہی عملے کے شارٹ فعال کا سامنا ہے جبکہ سروس رولز بھی اس بات کی اجازت نہیں دیتے ۔