عدالتوں سے سینئر سیاستدانوں کی نااہلیاں جمہوری نظام کیلئے بڑا دھچکا ہے، دھرنا پارٹی کے لئے راہ ہموار کی جا رہی ہے،صاحبزادہ شاہ محمد اویس نورانی

جمعہ 27 اپریل 2018 20:46

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 27 اپریل2018ء) جمعیت علماء پاکستان کے مرکزی سیکریٹری جنرل اور متحدہ مجلس عمل کے ترجمان صاحبزادہ شاہ محمد اویس نورانی نے کہا ہے کہ عدالتوں سے سینئر سیاستدانوں کی نااہلیاں جمہوری نظام کے لئے بڑا دھچکا ہے۔ دھرنا پارٹی کے لئے راہ ہموار کی جا رہی ہے۔ نادیدہ قوتیں من پسند پارٹی کو اقتدار میں لانے کے لئے غیر جمہوری ہتھکنڈے استعمال کر رہی ہیں۔

صرف سیاستدانوں کا ہی نہیں دوسرے شعبوں کا بھی احتساب ہونا چایئے۔ سانحہ 12 مئی کے ملزمان کا احتساب کب ہو گا۔ بروقت انتخابات سے متعلق خدشات دور کرنے کے لئے الیکشن شیڈول کا اعلان کیا جائے۔ اسلام سے محبت کرنے والی قوم ناچ گانے کو فروغ دینے والوں کو ووٹ نہیں دے گی۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے جے یوپی کے کارکنوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

صاحبزادہ شاہ اویس نورانی نے مزید کہا کہ نئی عالمی جنگ کے خطرات بڑھتے جا رہے ہیں۔ روس اور امریکہ کی پراکسی وار خطرناک رخ اختیار کر رہی ہے۔ پاک افغان کشیدگی کی بنیادی وجہ بھارتی سازشیں ہیں۔ افغانستان میں انتشار بھارت کی دفاعی ضرورت ہے۔ امریکہ اور روس کی مداخلت سے شام کی معیشت اور معاشرت تباہ ہو چکی ہے۔ مسلمان دنیا بھر میں جرم ضعیفی کی سزا بھگت رہے ہیں۔ شاہ اویس نورانی نے کہا کہ متحدہ مجلس عمل سیاسی دھاروں کا رخ بدل دے گی۔ قوم دیانتدار نمائندے پارلیمنٹ میں پہنچا کر ملک کی تقدیر بدل سکتی ہے۔ الیکشن کے قریب سیاسی وفاداریاں بدلنے والے غیر جمہوری قوتوں کے کھلونوں کا کردار ادا کر رہے ہیں۔