بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر جے پی سنگھ کی دفتر خارجہ طلبی،بھارتی فورسزکی جانب سے ایل او سی پر پدھر سیکٹر میں بلااشتعال فائرنگ پر شدید احتجاج کیا

جمعہ 27 اپریل 2018 20:51

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 اپریل2018ء) پاکستان نے بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر جے پی سنگھ کو جمعہ کو دفتر خارجہ طلب کیا اور بھارتی فورسزکی جانب سے ایل او سی پر پدھر سیکٹر میں بلااشتعال فائرنگ پر شدید احتجاج کیا۔ ہفتہ کو دفتر خارجہ کے ترجمان کے مطابق 26 اپریل کوکنٹرول لائن پر پدھر سیکٹر میں بھارتی قابض فوج کی جانب سے بلااشتعال فائرنگ کے نتیجہ میں براملہ گاوں کے دو بیگناہ شہری نذیر اور رفیق شہید جبکہ دیگر دو افراد زخمی ہوئے۔

ڈائریکٹر جنرل (جنوبی ایشیاء و سارک) ڈاکٹر محمد فیصل نے بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر کو طلب کرکے بھارتی فورسز کی جانب سے بلااشتعال فائرنگ پر احتجاجی مراسلہ ان کے حوالے کیا۔ دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ ضبط و تحمل کے مطالبہ کے باوجود بھارت کی طرف سے جنگ بندی کی مسلسل خلاف ورزیاں کی جا رہی ہیں۔

(جاری ہے)

دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ بھارتی قابض فورسز ایل او سی اور ورکنگ بائونڈری پر مسلسل بھاری ہتھیاروں سے سویلین آبادیوں کا نشانہ بنا رہی ہیں۔

بھارت نے رواں سال کے دوران اب تک کنٹرول لائن اور ورکنگ بائونڈری پر1000 سے زائد جنگ بندی کی خلاف ورزیاں کی ہیں جس کے نتیجہ میں اب تک 23 بیگناہ افراد شہید اور107 زخمی ہوئے ہیں۔ ترجمان نے کہا کہ بیگناہ شہریوں کو جان بوجھ کر نشانہ بنانا ایک گھنائونا، انسانی وقار اور بین الاقوامی انسانی حقوق کے منافی اقدام ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کی جانب سے مسلسل سیز فائر کی خلاف ورزیوں سے علاقائی امن و سلامتی کو خطرہ ہے۔ بھارت پر زور دیا گیا کہ وہ سیز فائر معاہدے کی پاسداری کرے اور اپنی فورسز کو سیز فائر معاہدے کی پاسداری کا پابند بنائے۔