پنجاب یونیورسٹی نے کل پاکستان ہم نصابی سرگرمیوں کا سالانہ مقابلہ جیت لیا

جمعہ 27 اپریل 2018 21:20

لاہور۔27 اپریل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 اپریل2018ء) پنجاب یونیورسٹی فیصل آڈیٹوریم میں منعقدہ کل پاکستان ہم نصابی سرگرمیوں کے دوسرے سالانہ مقابلوں میں پنجاب یونیورسٹی نے ٹیم ٹرافی اور ایک لاکھ روپے انعام جیت لیا جبکہ سکول کیٹگری میں دی پنجاب سکول اور گریژن اکیڈمی سرور شہید کیمپس نے مشترکہ طور پر ٹیم ٹرافی حاصل کی۔ہم نصابی سرگرمیوں کے دوسرے سالانہ مقابلے پنجاب ہائر ایجوکشن کمیشن ،پنجاب یونیورسٹی ، دی ایجوکیشنسٹ اور نیب نے مشترکہ طور پر ادارہ تعلیم و تحقیق میں منعقد کرائے ۔

جی سی یونیورسٹی لاہور اور فیصل آباد نے مشترکہ طور پر دوسری پوزیشن اور پچاس ہزار کیش ایوارڈ حاصل کیا جبکہ یونیورسٹی آف ویٹرینری اینڈ اینمل سائنسز نے تیسری پوزیشن حاصل کی ۔

(جاری ہے)

سکول کیٹیگری میں واپڈا ہائی سکول شالامار اور دانش سکول بوائز چشتیاں نے بالترتیب دوسری اور تیسری پوزیشن حاصل کی۔چیئرپرسن پنجاب ہائر ایجوکیشن کمیشن ڈاکٹر محمد نظام الدین نے فیصل آڈیٹوریم میں منعقد ہونے والی تقریب تقسیم انعامات سے خطاب کرتے ہوئے فاتح ٹیموںکے لئے تین لاکھ روپے کے کیش انعامات دینے کا اعلان کیا ۔

اختتامی تقریب کی صدارت پنجاب یونیورسٹی کے ڈین فیکلٹی آف آرٹس اینڈ ہیومینٹز پروفیسر ڈاکٹر محمد اقبال چاولہ نے کی جبکہ اس موقع پر چیف ایڈیٹر دی ایجوکیشنسٹ پروفیسر ڈاکٹر شفیق جالندھری ، سینئر تجزیہ کار ڈاکٹر مجاہد منصوری ، افضال ریحان ، ڈائریکٹرنیب لاہور سید محمد حسنین ، ڈائریکٹر ادارہ تعلیم و تحقیق ڈاکٹر رفاقت علی اکبر ، ایڈیٹر دی ایجوکیشنسٹ شبیر سرور، ڈائریکٹر ایونٹس اے آر ساجد اورتمام صوبوں اور کشمیر سے 350اداروں کے 15سو سے زائد طلباء و طالبات نے شرکت کی ۔

اپنے خطاب میں ڈاکٹر نظام الدین نے کہا کہ ایک ہی جگہ پر سکولوں ، کالجوں اور یونیورسٹیوں کے طلباء کے درمیان مقابلے بہت اچھی کاوش ہے، ایسے مقابلے طلباء کو نظم وضبط اور ہار کو برداشت کرنا سکھاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قومی یکجہتی کو فروغ دینے کے لئے ایسی سرگرمیوں کا انعقاد بہت ضروری ہے جن کی پی ایچ ای سی حوصلہ افرائی کرتا رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ کلاس ورک ساٹھ فیصد سے زیادہ نہیں ہونا چاہیے اور 40فیصد ایسی صحت مندانہ سرگرمیوں پر مشتمل ہونا چاہیے۔

انہوں نے بہترین ایونٹ کے انعقاد پرپنجاب یونیورسٹی انتظامیہ ، شبیر سرور اور دی ایجوکیشنسٹ کی ٹیم کو مبارک باد پیش کرتے ہوئے پاکستان بھر کے تعلیمی اداروں کو اسی طرز کے پروگرام منعقد کرانے پر زور دیا۔قبل ازیں پنجاب یونیورسٹی اور یونیورسٹی آف ویٹرنری اینڈ اینیمل سائنسز کی ٹیموں نے ڈرامے پیش کئے جن میں کرپشن اور اس سے جڑے معاشرتی مسائل کی عکاسی کی گئی۔بعد ازں ڈاکٹر محمد نظام الدین ، ڈاکٹر شفیق جالندھری ، ڈاکٹر مجاہد منصوری اور ڈائریکٹر نیب سید محمد حسنین نے جیتنے والے طلباء اور انتظامیہ میں ٹرافیاں ، شیلڈز ، کیش انعامات اور سرٹیفکیٹس تقسیم کئے ۔