Live Updates

لاہور جلسے کے حوالے سے لوگوں میں بہت جوش و خروش اور ولولہ دکھائی دیتا ہے،فردوس شمیم نقوی

جمعہ 27 اپریل 2018 21:39

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 اپریل2018ء) چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کی خصوصی ہدایت پر سونامی ٹرین مارچ جمعہ کے روز ڈھائی بجے دوپہر کو قراقرم ایکسپریس سے لاہور جلسے کے لیے روانہ ہوا۔ اس سونامی ٹرین مارچ میں لیاری کا خصوصی قافلہ بھی روانہ ہوا جو کہ جلسے کی سیکورٹی اور انتظامات سنبھالنے کے لیے معاونت کرے گا۔

سونامی ٹرین مارچ کو روانہ کرنے کے لیے کراچی کے صدر فردوس شمیم نقوی ، نائب صدر پی ٹی آئی کراچی راجہ اظہر، پی ٹی آئی کراچی ویمن ونگ کی صدر صائمہ ندیم، سردار عزیز،منور قریشی، سیکریٹری اطلاعات پی ٹی آئی کراچی شہزاد قریشی اور کراچی کیبنٹ کے دیگر قائدین موجود تھے۔ اس موقعے پر پی ٹی آئی کراچی کے صدر فردوس شمیم نقوی نے میڈیا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج پاکستان تحریک انصاف کایہ قافلہ جوروانہ ہو رہا ہے ، یہ ہم پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان کی خصوصی ہدایت پر بھیج رہے ہیں۔

(جاری ہے)

پاکستان تحریک انصاف کے ہر احتجاج اور ہر سیاسی سرگرمی میں کراچی کے عوام نے ان کا حوصلہ بڑھایا ہے۔ لاہور جلسہ ایک تاریخی جلسہ ہوگا۔ اس موقعے پر پی ٹی آئی کے کارکنان نے خوب نعرے بازی کی۔ فردوس شمیم نقوی نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی کراچی سے خواتین کی پوری بوگی بھر کر کراچی سے روانہ ہوئی ہے۔ پی ٹی آئی کراچی کے رہنما منورقریشی لیاری سے ستر اسی پی ٹی آئی کے کارکنان و عہدیداران کو ساتھ لے کر اس قافلے میں شامل ہوئے ہیں۔

کم از کم دو ڈھائی سو کے قریب پی ٹی آئی کراچی کے کارکنان اس قافلے میں لاہور کے لیے روانہ ہوئے ہیں۔ ہزاروں کی تعداد میں لوگ ٹرین سے جا رہے ہیں۔ پاکستان تحریک انصاف کراچی کے عہدیداران و کارکنان نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی کال پر لبیک کہتے ہوئے اس سفر کا آغاز کیا ہے۔ لوگوں میں بہت جوش و خروش اور ولولہ دکھائی دیتا ہے۔ اس سے ثابت ہوتا ہے کہ کراچی کے عوام چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان سے کیسی گہری وابستگی رکھتے ہیں۔ کراچی کے عوام نے ہمیشہ چیئرمین عمران خان کو کراچی میں خوش آمدید کہا ہے اور آج وہ کراچی سے لاہور بھی اسی جوش و جذبے کے ساتھ جا رہے ہیں کہ چیئرمین عمران خان کا تاریخی خطاب سنیں گے اور ان کی حوصلہ افزائی کریں گے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات