حکومت نے توانائی کے شعبہ میں بھاری سرمایہ کاری کرتے ہوئے بجلی کی فراہمی کا اپنا وعدہ پورا کر دیا، مفتاع اسماعیل

جمعہ 27 اپریل 2018 21:39

حکومت نے توانائی کے شعبہ میں بھاری سرمایہ کاری کرتے ہوئے بجلی کی فراہمی ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 اپریل2018ء) وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کی موجودہ حکومت نے توانائی کے شعبہ میں بھاری سرمایہ کاری کرتے ہوئے بجلی کی فراہمی کا اپنا وعدہ پورا کر دیا ہے اور اب تک 12,230 میگاواٹ اضافی بجلی نیشنل گرڈ میں شامل کی ہے۔ جمعہ کو قومی اسمبلی میں آئندہ مالی سال کا بجٹ پیش کرتے ہوئے وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے بجلی کے اہم منصوبوں کی تفصیل پیش کرتے ہوئے کہا کہ نیلم جہلم ہائیڈرو پاور پراجیکٹ 969 میگاواٹ کا رن آف ریور منصوبہ ہے جوکہ انجینئرنگ کا شاہکار ہے جس کا 90 فیصد حصہ زیرِ زمین ہے۔

حال ہی میں وزیرِاعظم نے اس کے پہلے ٹربائن کا افتتاح کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تربیلا پاور اسٹیشن میں چوتھے یونٹ کا اضافہ کیاگیا ہے جس سے بجلی کی پیداوار میں 1410 میگاواٹ کا اضافہ ہوا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ حویلی بہادر شاہ، بھکی اور بلوکی میں 3600 میگاواٹ کے آر ایل این جی پر مبنی پلانٹس لگائے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ساہیوال اور پورٹ قاسم میں واقع پاکستان کے پہلے سپر کریٹیکل کول فائرڈ پاور پلانٹس فعال ہوچکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 680 میگاواٹ کے چشمہ نیوکلیئر پلانٹس C-III اور C-IV بھی فعال ہو چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 1000 میگاواٹ سے زیادہ قابل تجدید توانائی کے منصوبے جو بغیر کسی ایندھن کے بجلی بنائیں گے۔