Live Updates

عوامی نیشنل پارٹی نے ہمیشہ غیور پختونوں کے مفادات اور صوبائی حقوق کے تحفظ کی سیاست کی ہے،الیاس بلور

جمعہ 27 اپریل 2018 21:53

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 اپریل2018ء) عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی سینئر رہنما اور ملک کے ممتاز سینئر پارلیمنٹرین سینیٹر الیاس احمد بلور نے آئندہ عام انتخابات میں عوامی نیشنل پارٹی کی کامیابی کا عزم ظاہر کیا ہے اور کہا ہے کہ PK18 ملاکنڈ بٹ خیلہ ون سے عوامی نیشنل پارٹی کے امیدوار اعجاز احمد بھاری اکثریت سے کامیاب ہوں گے اور مخالفین کو شکست دیں گے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی نائب صدر ظاہر شاہ خان کے انتقال پر بٹ خیلہ میں مرحوم کے لواحقین سے اظہار ہمدردی اور دعائے مغفرت کے بعد PK18 میں ایک بڑے عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر عوامی نیشنل پارٹی کے مقامی رہنماء اور کارکنوں کی بڑی تعداد بھی موجود تھیں۔

(جاری ہے)

سینیٹر الیاس احمد بلور نے پارٹی کی جانب سیPK18 کے لئے اعجاز احمد کو ٹکٹ دینے کا خیر مقدم کیا اور کہا کہ وہ نہ صرف بٹ خیلہ کے عوام کی بھرپور خدمت کی اہلیت رکھتے ہیں بلکہ اپنے کردار سے پارٹی کی قدر و منزلت میں اضافہ کا باعث بھی ہیں۔

سینیٹر الیاس احمد بلور نے کہا کہ عوامی نیشنل پارٹی نے ہمیشہ غیور پختونوں کے مفادات اور صوبائی حقوق کے تحفظ کی سیاست کی ہے اور انشاء اللہ تعالیٰ آئندہ انتخابات میں عوامی نیشنل پارٹی بھرپور انداز میں کامیابی حاصل کرے گی اور پی ٹی آئی کی جھوٹ پر مبنی سیاست کا مکمل صفایا کرے گی۔ سینیٹر الیاس احمد بلور نے بٹ خیلہ کے عوام سے کہا کہ وہ اپنے ضمیر کے مطابق اعجاز احمد کے حق میں اپنا حق رائے دہی کااستعمال کریں اور انہیں بھاری اکثریت سے کامیاب کروائیں ۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات

متعلقہ عنوان :