معلومات کا حصول ہر شہری کا بنیادی حق ہے،ڈپٹی کمشنر

جمعہ 27 اپریل 2018 21:54

وہاڑی۔27 اپریل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 اپریل2018ء) ڈپٹی کمشنر وہاڑی علی اکبر بھٹی نے کہا ہے کہ معلومات کا حصول ہر شہری کا بنیادی حق ہے۔ جمہوریت کے بین الاقوامی تقاضوں کے مطابق سب سے پہلے اپنی عوام کو معلومات تک رسائی دی جائے تاکہ ان کو معلوم ہو کہ ملکی ادارے کیا کررہے ہیں۔ اس سے شفافیت اور میرٹ کو برقرار رکھنے میں مدد ملتی ہے اور کسی بھی قسم کی خامی کی نشاندہی کی جاسکتی ہے جس سے اداروں کی اصلاح ہوتی ہے۔

حکومت پنجاب نے "پنجاب شفافیت و حق معلومات کا قانون 2013 "نافذ کرکے پاکستان کی آئینی تاریخ میں نئے باب کا اضافہ کیا ہے۔ جس سے پنجاب کے محکموں میں نہ صرف شفافیت کو فروغ ملا ہے۔ بلکہ عالمی سطح پر ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل نے بھی اس بات کا اعتراف کیا ہے کہ پاکستان میں گزشتہ برسوں کی نسبت کرپشن میں کمی واقع ہوئی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے ان خیالات کا اظہار ایک مقامی ہوٹل میں پنجاب انفارمیشن کمیشن کے زیر اہتمام ایک تربیتی سیمینار سے بعنوان "پنجاب شفافیت و حق معلومات کا قانون 2013 "سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی ڈاکٹر شعیب الرحمن گورمانی،چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی شوکت علی طاہر ، ایگزیکٹو ڈائریکٹر پنجاب انفارمیشن کمیشن احمد نعیم ملک ،صدر ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن وہاڑی فیا ض احمد خان لکھویرا،ڈپٹی ڈائریکٹر انفارمیشن وہاڑی میاں نعیم عاصم اور پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا کے صحافیوں کی کثیر تعداد موجود تھی۔

ڈپٹی کمشنرعلی اکبر بھٹی نے مزید کہا کہ اطلاعات تک رسائی کا قانون حکومتی امور میں شفافیت اور جواب دہی کے نظام کو فروغ دے کر عام شہری کے لیے زندگی بہتر بنانے میں معاون ثابت ہوگا۔ ہر قانون اٴْسی وقت صحیح معنوں میں مفید ثابت ہو سکتا ہے جب قانون نافذ کرنے والوں اور جن کے لیے بنایا گیا ہے۔ دونوں کو اس بارے میں مکمل آگاہی ہو۔انہوں نے اٴْمید ظاہر کی کہ جو معلومات ابھی صحافیوں کو دی گئی ہے وہ اپنے اخبارات اور ٹی وی چینلز کے ذریعے دور دراز علاقوں میں بیٹھے عام شہریوں تک بھی پہنچائیں گے۔

سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے صدر ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن وہاڑی فیاض احمد خان لکھویرا نے کہا کہ پنجاب حکومت کے اس قانون کے نفاذ سے اپنے شہریوں کو ایک بنیادی حق ملا ہے۔ چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی شوکت علی طاہر نے کہا کہ میڈیا اداروں کی اصلاح میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔ صحافیوں کو حکومتی طریقہ کارکے مطابق جو بھی معلومات درکار ہوں گی۔ ہم انہیں فراہم کریں گے ۔