کمشنر ڈی آئی خان کی شوگر ملز انتظامیہ کو عدالتی احکامات کے مطابق گنے کے کاشتکاروں کو فوری اور مکمل ادائیگی کی ہدایت

جمعہ اپریل 21:56

ڈی آئی خان۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 27 اپریل2018ء)کمشنر ڈیراسماعیل خان ہ عبد الغفور بیگ نے کہا ہے کہ شوگر ملز مالکان عوام کے مفاد کو مد نظر رکھ کر گنے کی بروقت اور طے شدہ نرخوں کے مطابق ادائیگی کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار آج اپنے دفتر میں ڈیرہ اسماعیل خان کی شوگر ملز چشمہ 1-، چشمہ2-، تاندلیانوالہ اور المعز شوگر ملز کی انتظامیہ کے ساتھ ایک اجلاس کے دوران کیا۔

اجلاس میں ڈپٹی کمشنرڈی آئی خان اور شہر کی چاروں شوگر ملز کے جنرل منیجر ز اور افسران نے شرکت کی۔ شوگر ملز انتظامیہ نے کمشنر کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ کرشنگ سیزن شروع ہونے سے قبل ہماری ضلع انتظامیہ کے ساتھ میٹنگ میں جو معاملات طے پائے تھے ان پر من و عن عمل کرتے ہوئے ہم نے ڈیرہ اسماعیل خان میں گنے کے زمینداروں کو گنے کی مکمل ادائیگی کر دی ہے اگر کچھ باقی ہے تو وہ بھی بتدریج کی جا رہی ہے۔

(جاری ہے)

گنے کے زمینداروں کی تکالیف کے ازالے کیلئے بھرپور اقدامات کر رہے ہیں۔اس موقع پر کمشنر ڈیرہ اسماعیل خان عبد الغفور بیگ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ڈیرہ اسماعیل خان کی شوگر ملز انتظامیہ باہمی مشاورت سے عوام کے مفاد اور ہائی کورٹ کے احکامات کو مد نظر رکھ کر گنے کی فصل کے کاشتکاروں کو فوری طور پر مکمل ادائیگی کیلئے اقدامات کریں جس طرح ہائی کورٹ نے تمام ملز انتظامیہ کو گنے کے کاشتکاروں کو 5ہفتے میں ان کی ادائیگیاں کرنے کا حکم جاری کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ اور شوگر ملز انتظامیہ کے درمیان باہمی اور خوشگوار تعلقات کی وجہ سے گنے کی کرشنگ کا سیزن بخیریت و عافیت گزر گیا لیکن ادائیگی اور نرخ کے جو تنازعات ابھی تک برقرار ہیں انہیں حل کرنا ابھی باقی ہے اس سلسلے میں انہوں نے شوگر ملز انتظامیہ کو ہدایت کی کہ عوام کے مفاد پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گااور عدالت کے احکامات پر من و عن عملدرآمد کروایا جائیگا۔