اقتدارمیں آکر لکی مروت کوترقی یافتہ اضلاع میں شامل کرینگے،سلیم سیف اللہ

جمعہ 27 اپریل 2018 21:58

پشاور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 اپریل2018ء) سنیئر رہنما ء وسابق وفاقی وزیر سلیم سیف اللہ خان سے پی ٹی آئی ، مشران علاقہ اور بلدیاتی نمائندوں کے وفود نے ان کے رہائش گاہ غزنی خیل لکی مروت میں الگ الگ ملاقاتیں کرتے ہوئے پی ٹی آئی اور مروت قومی اتحاد کرنے پر خوشی کا اظہار کیا اور اس موقع پر سلیم سیف اللہ خان اور وزیر اعلی پرویز خٹک ودیگر پی ٹی آئی رہنماوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے مزکورہ اتحاد کو لکی مروت سمیت جنوبی اضلاع کی ترقی اور خوشحالی کے لئے ایک اہم اقدام قرار دیا ، وفود نے علاقے کی تعمیر و ترقی کیلئے سیف اللہ بردران کے خدمات کو سراہتے ہوئے سلیم سیف اللہ خان کے قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا ۔

سابق MNAالحاج غلا م الدین خان ، ضلع ناظم لکی مروت ایڈو کیٹ اقبال حسین خان ، حاجی ملک محمد ادریس خان ، پیر معصوم جان زکوڑی شریف و دیگر مشران بھی اس موقع پر موجو د تھے ۔

(جاری ہے)

سلیم سیف اللہ خان نے وفود کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ انشاء اللہ آنے والا دور ترقی و خوشحالی کا ہے اور آئندہ اانتخابات میں بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کرنے کے بعد لکی مروت کو ایک با ر پھرترقی یافتہ اضلاع کی صف میں شامل کرتے ہوئے کرم تنگی ڈیم منصوبے پر کام تیز کرنے اور باران ڈیم کی اپریزنگ شروع کرنے کے علاوہ پانی ،بجلی ،گیس، صحت ، تعلیم اور موصلات کی شعبوں میں ریکارڈ ترقیاتی کام شروع کرنے سے تعمیر و ترقی کے نئی دور کا آغاز ہوگا۔