سرکاری شعبہ کے ترقیاتی پروگرام میں 8جاری اور 2نئی سکیموں کیلئے 9ارب87کروڑ66لاکھ مختص

گلگت بلتستان کی 8 پرانی اور 9نئی سکیموں کیلئے 21ارب32کروڑ90لاکھ روپے مختص

جمعہ 27 اپریل 2018 21:51

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 27 اپریل2018ء) آئندہ مالی سال 2018-19کے سرکاری شعبہ کے ترقیاتی پروگرام میں 8جاری اور 2نئی سکیموں کے لئے 29ارب87کروڑ66لاکھ جبکہ گلگت بلتستان کی 8 پرانی اور 9نئی سکیموں کے لئے 21ارب32کروڑ90لاکھ روپے مختص کئے گئے ہیں۔جمعہ کو جاری کئے گئے سرکاری شعبہ کے ترقیاتی پروگرام کے مطابق آزاد کشمیر بلاک ایلوکیشن کی مد میں 25ارب50کروڑ روپے جبکہ جی بی بلاک ایلوکیشن کی مد میں 17ارب روپے مختص کئے گئے ہیں۔

آزاد کشمیر میں 48میگاواٹ جاگراں ہائیڈل پاور پراجیکٹ کے لئے 30کروڑ روپے، آزاد کشمیر قانون سازاسمبلی کمپلیکس کے لئے 50کروڑ روپے،اٹھمقام کیرن بائی پاس روڈکے لئے 10کروڑ روپے، رٹھوعہ ہریام پل کے لئے 1ارب95کروڑ 56لاکھ روپے، میر واعظ محمد فاروق شہید میڈیکل کالج میرپور کے لئے 50کوڑ روپے، محترمہ بے نظیر بھٹو شہید میڈیکل کالج میرپور کے لئے 47کروڑ10لاکھ روپے، نوسیری لیسوا بائی باس کے لئے 10کروڑ روپے اور واٹر سپلائی و سیوریج سکیم میرپور شہر کے لئے 30کروڑ روپے مختص کئے گئے ہیں۔

(جاری ہے)

نئی سکیموں میں پاکستان ریڈ کریسنٹ اے جے کے سٹیٹ برانچ کے انڈومنٹ فنڈ کے لئے 10کروڑ روپے اور مظفرآباد میں 13کلو میٹرلنک روڈ کان کن پنجور گلی کے لئے 5کروڑ روپے مختص کئے گئے ہیں۔ اسی طرح گلگت بلتستان میں 8جاری سکیموں کے لئے 19ارب 53کروڑ 40لاکھ روپے مختص کئے گئے ہیں، ان میں ہنزل گلگت 20میگاواٹ ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کے لئے 58کروڑ20لاکھ روپے، سکردو میں 26میگاواٹ شانگرتھنگ ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کے لئے 20 کروڑ روپے، 34.5 میگاواٹ ہارپو ہائیڈرو پاور پراجیکٹ سکردو کے لئے 30 کروڑ 20 لاکھ، 16 میگاواٹ ہائیڈرو پاور پراجیکٹ نلتر تھری کی تعمیر کے لئے 75 کروڑ، گلگت میں 50 بیڈ کے کارڈیک ہسپتال کے فیز ون کے لئے 20 کروڑ روپے جبکہ کنودوس سے نلتر ایئر فورس بیس تک آر سی سی پل کی اپ گریڈیشن کے لئے 30 کروڑ روپے مختص کئے گئے ہیں۔

نئی سکیموں میں 25 کلومیٹر کارگا روڈ کی تعمیر اور اپ گریڈیشن کے لئے 20 کروڑ روپے، گلگت شہر میں سینٹری اور سیوریج کے نظام کے لئے 40 کروڑ روپے، رونی چلاس سے ناران روڈ بھٹوگا ویلی کی تعمیر کی توسیع کے لئے 40 کروڑ روپے، ریجنل گرڈ گلگت بلتستان کے قیام کے لئے 30 کروڑ روپے مختص کئے گئے ہیں۔ 04-18/--299